1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن سیاستدانوں سے ناراض ہیکر نے ذاتی کوائف عام کر دیے

8 جنوری 2019

اس نے تقریباً ایک ہزار سیاستدانوں اور معروف شخصیات سے متعلق ان کی ذاتی معلومات عام کر دیں کیونکہ اسے ان کے بیانات پر شدید غصہ تھا۔ استغاثہ کے مطابق اس نوجوان نے ہیکنگ کا اعتراف کر لیا ہے۔ تاہم فی الحال اسے رہا کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3BCqg
تصویر: Reuters/K. Pempel

جرمن سیاستدانوں کی ذاتی معلومات عام کرنے والے مبینہ ہیکر نے پولیس کو بتایا کہ اس کا کسی تنظیم یا گروپ سے کوئی تعلق نہیں اور اس نے یہ کارروائی تنہا ہی کی ہے۔ فرینکفرٹ کے وکیل استغاثہ گیورگ انگیفک کے مطابق، ’’ہیکنگ کا نشانہ بننے والےسیاستدانوں کے بیانات پر اسے شدید غصہ تھا اور اسی لیے اس نے ان کا پرسنل ڈیٹا لیک کر دیا۔‘‘

ان تفصیلات میں ٹیلیفون نمبر، گھر کا پتہ اور پارٹی کی خفیہ دستاویزات  کے ساتھ ساتھ کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ یہ تمام معلومات ٹوئٹر کے ذریعے ایک ’ایڈونٹ کلینڈر‘ کے طور پر دسمبر میں عام کی گئی تھیں۔ تاہم کئی ہفتوں بعد یعنی جنوری کے پہلے ہفتے میں حکام نے اس بات پر توجہ دی۔

Computer hardware Cyberkrieg Symbolbild
تصویر: picture-alliance/picturedesk.com/H. Ringhofer

انگیفک نے مزید بتایا کہ اس بیس سالہ جرمن شہری اور مبینہ ہیکر نے کچھ ہی ڈیٹا چرایا تھا جبکہ دیگر معلومات اس نے پہلے سے ہی عمومی تفصیلات کے ذریعے اکٹھی کی تھیں۔ اسے صوبے ہیسے میں منگل کو جاسوسی اور خفیہ معلومات کی غیر قانونی تشہیر کے الزامات کی ابتدائی تفتیش کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس دوران اسے رہا بھی کیا جا چکا ہے۔

Illustration - Computer - Cyberkriminalität
تصویر: Reuters/P. Kopczynksi

اس ہیکر نے تمام سیاستی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی نجی معلومات عام کی ہیں تاہم انتہائی دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ کے کسی بھی رہنما سے متعلق کوئی تفصیلات اس ڈیٹا میں شامل نہیں تھیں۔ اس فہرست میں ملکی چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ساتھ شو بزنس سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور متعدد سرکردہ صحافیوں کے نام بھی موجود ہیں۔

جرائم کی روک تھام کرنے والے وفاقی جرمن ادارے (بی کے اے) کے مطابق اتوار کو اس مبینہ ہیکر کے گھر کی تلاشی لی گئی تھی، جس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا۔ یہ نوجوان شٹٹ گارٹ کے قریب واقع شہر ہائل برون کا رہائشی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کر رہا ہے۔