1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’جرمن ٹیم فٹ بال ورلڈ کپ جیتنےکی فیورٹ نہیں‘

18 دسمبر 2009

جرمن فُٹ بال ٹیم کے کپتان مشائیل بالاک نے کہا ہے کہ اُن کی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی ’فیورٹ‘ نہیں ہے۔ 33 سالہ جرمن فُٹ بال سٹار بالاک چیلسی کلب کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/L87o
جرمن ٹیم کے کپتان مشائیل بالاکتصویر: picture-alliance/dpa

بالاک کے مطابق ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں اُن کے گروپ میں سیربیا، آسٹریلیا اور گھانا جیسی مضبوط ٹیمیں ہیں، ایسی ٹیموں کو شکست دینا جرمنی کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔

جرمن سٹار بالاک نے ایک میگزین کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم اتنی مضبوط نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کارکردگی میں تسلسل ہے! بالاک نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ میں جیت حاصل کرنے کے لئے تسلسل کے ساتھ اعلیٰ درجے کی کارکردگی درکار ہوتی ہے۔

Fußball-WM 1990 Deutschland feiert
1990ء کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیمتصویر: dpa / picture-alliance.com

مغربی جرمنی نے سن 1954ء، 1974ء اور 1990ء میں ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ مغربی اور مشرقی جرمنی کے اتحاد کے بعد متحدہ جرمن ٹیم سن 2002ء کے ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ سن 2006ء میں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد جرمنی کی سرزمین پر ہوا، اس وقت جرمنی کی ٹیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

جرمن ٹیم میں کپتان میشائل بالاک، مڈ فیلڈر باستیان شوائن ٹائیگر اور سٹرائکر میروسلاو کلوزے جیسے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔ عالمی کپ فُٹ بال ٹورنامنٹ سے قبل جرمنی آئندہ سال تین مارچ کو جرمن شہر میونخ میں ارجنٹائن کے خلاف ایک دوستانہ میچ کھیلے گا۔ فُٹ بال کا عالمی کپ آئندہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلا جا رہا ہے۔

رپورٹ: خبر رساں ادارے/گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجد علی