1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن پارلیمانی انتخابات کا سیاہ فام امیدوار

امجد علی31 جولائی 2013

51 سالہ ڈاکٹر کارامبا دیابی بنیادی طور پر سینیگال سے تعلق رکھتے ہیں لیکن اس سال 22 ستمبر کو وفاقی جرمن پارلیمان کے لیے مجوزہ انتخابات میں وہ اس پارلیمان کے پہلے سیاہ فام رکن منتخب ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/19Hnn
ڈاکٹر کارامبا دیابی
ڈاکٹر کارامبا دیابیتصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دیابی مشرقی جرمن شہر Halle کی مقامی سیاست میں گزشتہ دو عشروں سے زائد عرصے سے سرگرم عمل ہیں اور اب اُسی علاقے میں اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

اے پی کے جائزے کے مطابق دیابی اپنے حلقے کے عوام میں بے حد مقبول ہیں، لوگ اُنہیں جگہ جگہ روک کر اُن کے ساتھ اپنے مسائل پر بات کرتے ہیں اور وہ بھی روانی سے جرمن بولتے ہوئے اُن کے سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔

22 ستمبر کو ہونے والے انتخابات میں وفاقی جرمن پارلیمان کی تقریباً 600 نشستوں کے لیے مقابلہ کرنے والے امیدواروں میں سے اس بار 81 امیدوار ایسے ہیں، جو خود تارکین وطن ہیں یا ایسے گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں، جو گزشتہ عشروں کے دوران دیگر ممالک سے آ کر جرمنی میں آباد ہوئے ہیں۔

گرین پارٹی کے سرکردہ رہنما چَیم اوئزدیمیر ترک ماں باپ کی اولاد ہیں
گرین پارٹی کے سرکردہ رہنما چَیم اوئزدیمیر ترک ماں باپ کی اولاد ہیں

اگرچہ ترک وطن کا پس منظر رکھنے والے امیدواروں کی یہ اب تک جرمنی میں سب سے بڑی تعداد ہے تاہم برطانیہ یا پھر فرانس کے مقابلے میں یہ تعداد ابھی بھی کم ہے۔ ایسے زیادہ تر امیدواروں کا تعلق گرین پارٹی یا پھر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی سے ہے جبکہ چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین سی ڈی یُو کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے والے ایسے امیدواروں کی تعداد صرف چھ ہے۔

کارامبا دیابی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے امیدوار ہیں اور اُن کی کامیابی کے امکانات کافی روشن ہیں۔ انہوں نے ذرا معذرت خواہانہ انداز میں بتایا کہ وہ خود امیدوار نہیں بنے ہیں بلکہ دوسرے لوگوں نے اُنہیں آگے آنے کے لیے کہا ہے۔

دیابی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ اس وجہ سے بھی قابل ذکر ہے کہ مشرقی جرمن صوبہ سیکسنی انہالٹ تارکین وطن اور خصوصاً غیر یورپی تارکین وطن کی جانب معاندانہ جذبات رکھنے کے لیے خاصا بدنام ہے۔

دو بچوں کے باپ دیابی پیشے کے اعتبار سے کیمسٹ ہیں، وہ 1986ء میں ہالے منتقل ہوئے تھے جبکہ جرمن شہریت اُنہوں نے 2001ء میں حاصل کی۔ وہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ اُنہیں ایک بار اُن کے رنگ کی بناء پر جسمانی حملے کا بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

ڈاکٹر کارامبا دیابی ہالے کے مرکزی بازار میں کھڑے ہیں، وہ 1986ء سے اس شہر میں سکونت اختیار کیے ہوئے ہیں
ڈاکٹر کارامبا دیابی ہالے کے مرکزی بازار میں کھڑے ہیں، وہ 1986ء سے اس شہر میں سکونت اختیار کیے ہوئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اپنی کم شرحِ پیدائش کی وجہ سے جرمنی کو تارکین وطن کی ضرورت ہے، یہ اور بات ہے کہ زیادہ تر سیاستدان اپنی انتخابی مہم کے دوران اس مسئلے کو کم ہی موضوع بنا رہے ہیں۔

دیابی کا بنیادی موضوع تعلیم ہے اور اُن کے خیال میں تعلیم ہی معاشرے کے تمام طبقوں کے حالات کو بہتر بنا سکتی ہے۔

جرمنی میں افریقی تارکینِ وطن کی بڑی تعداد دوسری عالمی جنگ کے بعد آئی، جب نو آزاد افریقی ممالک نے اپنے بہترین اور قابل ترین شہریوں کو بیرون ملک بھیجنا شروع کیا۔ دیابی بھی اُنہی میں سے ایک تھے، جو اُس دور میں مشرقی جرمنی میں وظیفے پر تعلیم حاصل کرنے کے لیے پہنچے تھے، جب وہاں کمیونسٹ دور اپنے خاتمے کے قریب تھا۔

2005ء تک افریقی پس منظر کے حامل کوئی دو لاکھ افراد جرمن شہریت حاصل کر چکے تھے جبکہ تین لاکھ تین ہزار ایسے تھے، جن کے پاس یہاں رہائش رکھنے کے اجازت نامے تھے۔

گزشتہ کچھ برسوں کے دوران سیاہ فام جرمن شہری کھیل، شوبز یا پھر میڈیا میں تو اکثر نظر آنے لگے ہیں لیکن ابھی تک یہاں کی سیاسی زندگی میں کسی نے قدم نہیں رکھا تھا۔