1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر میرکل کا دورہء امریکہ

7 جون 2011

جرمن چانسلر انگیلا میرکل امریکہ کا دورہء ایک ایسے وقت کر رہی ہیں جب جرمنی کو اپنی خارجہ پالیسی کے لیے ایک وسیع قبولیت کی ضرورت ہے۔

https://p.dw.com/p/11VVR
تصویر: AP

جرمن چانسلر انگیلا میرکل پیر کی شب واشنگٹن پہنچیں۔ ان کے دورے کا مقصد جرمنی اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے۔

میرکل نے امریکی صدر باراک اوباما کے ہمراہ واشنگٹن میں پیر کی شب عشائیہ بھی کیا۔ اس عشائیے کا اہتمام امریکی صدر نے جرمن چانسلر کے اعزاز میں واشنگٹن کے ایک ریستوران میں کیا تھا۔ جرمن چانسلر کی سرکاری مصروفیات اور ملاقاتیں آج منگل کے روز طے ہیں۔

منگل کے روز ہی امریکی صدر کی جانب سے وائٹ ہاؤس کے ایک عشائیے میں جرمن چانسلر میرکل کو امریکہ کا اعلیٰ ترین سولین ایوارڈ ’صدارتی تمغہ برائے آزادی‘ بھی پیش کیا جائے گا۔ میرکل کے ہمراہ اس تقریب میں ان کے خاوند اور کابینہ کے پانچ وزراء بھی ہوں گے۔

Barack Obama Angela Merkel G20 Seoul NO FLASH
امریکی صدر کی جانب سے ایک عشائیے میں جرمن چانسلر میرکل کو امریکہ کا اعلیٰ ترین سولین ایوارڈ ’صدارتی تمغہ برائے آزادی‘ بھی پیش کیا جائے گاتصویر: AP

خیال رہے کہ صدارتی تمغہ برائے آزادی اس شخص کو دیا جاتا ہے جس نے امریکہ کی سلامتی اور قومی مفادات، عالمی امن اور ثقافت جیسے معاملات میں گراں قدر خدمات انجام دی ہوں۔

جرمن حکّام کے مطابق انگیلا میرکل کو یہ تمغہ دیا جانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ میرکل کے دورہء امریکہ کے دوران ان کو ریاست کے سربراہ کی طرز کا پروٹوکول دیا جا رہا ہے، حالانکہ جرمنی میں صدر ریاست کا سربراہ ہوتا ہے۔ تغمے کے علاوہ چانسلر میرکل کو فوجی اعزازات اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل جرمنی نے اقوامِ متحدہ کی لیبیا سے متعلق اس قرارداد میں حصّہ لینے سے اجتناب کیا تھا، جس میں عالمی طاقتوں سے لیبیا پر نو فلائی زون نافذ کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ جرمنی کے اس فیصلے سے اس کے اور امریکہ کے تعلقات میں کچھ تناؤ دیکھنے میں آیا تھا۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور امریکی صدر باراک اوباما کے درمیان بات چیت میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال کے علاوہ افغانستان سے نیٹو افواج کا مرحلہ وار انخلاء انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ عالمی معیشت اور یورو کرنسی سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں