’جمعة الوداع اور عید پر گھروں پر ہی رہیں‘
21 مئی 2020وفاقی اور صوبائی حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعة الوداع اور عیدالفطر کے موقع پر میل جول سے گریز کریں اور سماجی دوری سے متعلق حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ اس بار وہ عید سادگی سے منائیں اور گھروں پر ہی رہیں۔ جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ''وفاقی حکومت نے ہمارے تحفظات کے باوجود ٹرینیں چلائی ہیں لیکن میں لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس عید پر شہروں سے اپنے گاؤں دیہات کا رخ نہ کریں۔‘‘
سپریم کورٹ کا فیصلہ تنقید کی زد میں
کراچی کی رونقیں لوٹنےلگیں، دو ماہ بعد کاروبار بحال
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران صوبہ سندھ نے پہلے دن سے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اس سے نمٹنے کے لیے باقی صوبوں اور وفاق کو راستہ دکھایا۔ انہوں نے کہا، '' یہ میں وقت آنے پر بتاؤں گا کہ اس دوران کس کس طرح ہمارے اقدامات کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح آج بھی لوگوں کی جانیں بچانا اور وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے۔
پاکستان میں وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ملک میں ٹیسٹ، ٹریک اور قرنطینہ کی حکمت عملی کے تحت ٹیسٹنگ کی تعداد دُوگنی ہو گئی ہے۔ کورونا سے متعلق نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مطابق ملک میں اس وقت چھ سو اکتیس مختلف مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہیں۔
ملک میں جمعرات تک کورونا کے کیسز کی تعداد پچاس ہزار کے قریب پہنچ رہی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں بلوچستان کے سابق گورنر سید فضل آغا بھی شامل ہیں، جو بدھ کو کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ انہیں کچھ دن پہلے کووِڈ انیس لاحق ہو جانے کے بعد کوئٹہ سے کراچی لایا گیا تھا۔ سید فضل آغا بلوچستان اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے منتخب رکن تھے۔ وہ اسی کی دہائی میں سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین بھی رہ چکے تھے۔
اس سے قبل، پی ٹی آئی کی رکنِ پنجاب اسمبلی شاہین رضا انتقال کر گئی۔ انہیں کورونا کی تصدیق کے بعد لاہور کے میو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ان کا تعلق گجرانوالا سے تھا۔
کورونا کی وبا سے پاکستان میں کئی سیاسی شخصیات متاثر ہوئی ہیں، جن میں قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، سندھ کے گورنر عمران اسماعیل اور صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی شامل ہیں۔ تاہم یہ تینوں صیحتیاب ہوچکے ہیں۔
ش ج، ع ت (روئٹرز، پی ٹی وی)