1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنسی زیادتی کے الزامات بے بنیاد ہیں، کارڈینل پیل

عاطف توقیر ڈی پی اے
29 جون 2017

ویٹیکن میں انتہائی طاقت ور سمجھے جانے والے کارڈینل جارج پیل نے خود پر آسٹریلوی پولیس کی جانب سے جنسی زیادتی کے حوالے سے عائد کردہ الزامات کو ’سختی سے مسترد‘ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2fcoc
Vatikan Kardinal George Pell
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Brambatti

آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا کی پولیس نے جمعرات کو 76 سالہ کارڈینل پیل پر ماضی میں ’جنسی حملوں‘ کے الزامات عائد کیے تھے۔ پولیس کے مطابق جارج پیل ماضی میں متعدد مرتبہ ایسے حملوں میں ملوث رہے۔ کارڈینل پیل اس وقت ویٹیکن میں خزانے کے محکمے کے سربراہ ہیں۔

وکٹوریا ریاست کی پولیس کے نائب کمشنر شان پاٹون نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ’’کارڈینل پیل کو طلب کرنے کے احکامات پر وہ الزامات درج ہیں۔ انہیں 18 جولائی کو میلبورن کی مجسٹریٹ کورٹ میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا، تاکہ مقدمے کی سماعت ہو سکے۔‘‘

Papst beim 23. Weltjugendtag in Australien
کارڈینل پیل کو ویٹیکن میں انتہائی بااثر عہدہ دار سمجھا جاتا ہےتصویر: AP

جمعرات کو عدالتی طلبی سے متعلق مراسلہ میلبورن میں پیل کے قانونی نمائندوں کے حوالے کیا گیا۔ پاٹون نے مزید بتایا کہ پیل کو اس بابت متعدد شکایت کندگان کی جانب سے اس طرز کے کئی الزامات کا سامنا ہے۔

سڈنی میں کیتھولک چرچ کے آرچ ڈائیسیس کی طرف سے جمعرات کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے معالجین کی اجازت اور سفری انتظامات کے بعد کارڈینل جلد ہی آسٹریلیا واپس لوٹ آئیں گے، تاکہ خود پر عائد الزامات کا جواب دے کر اس معاملے سے بری ہو سکیں۔ ’’وہ اس دن کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ ان جھوٹے الزامات کے جواب میں عدالت میں اپنا دفاع کر سکیں۔‘‘

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسی معاملے کے تناظر میں کارڈینل پیل کے وکلاء نے جمعرات کو میلبورن کی مجسٹریٹ کورٹ کا دورہ بھی کیا۔

چھ جولائی کو مجسٹریٹ یہ فیصلہ سنائیں گے کہ آیا کارڈینل پیل پر عائد الزامات اور مقدمے کی سماعت سے متعلق معلومات عوام کے سامنے پیش کی جائیں یا نہیں۔

پولیس کی جانب سے تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ کارڈینل پیل پر کس طرح کے الزامات عائد ہیں، تاہم ماضی میں کارڈینل پیل پر سن 1970 کی دہائی میں بہ طور پادری آسٹریلوی علاقے بالارت میں جنسی زیادتی سے متعلق الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔ کارڈینل پیل بعد میں میلبورن اور پھر سڈنی کے آرچ بشپ کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔