جنوبی تائیوان میں شدید زلزلہ، دَس سے زائد ہلاک
6 فروری 2016زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.4 بتائی گئی ہے۔ تائیوان کے جنوبی حصے کے شہر تائنان میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب آنے والے اس شدید زلزلے سے ایک سولہ منزلہ عمارت کے گرنے سے دَس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ ان ہلاکتوں میں ایک دس روزہ نوزائیدہ بچی بھی شامل ہے۔ اِس منہدم عمارت کے ملبے تلے دو درجن سے زائد افراد ایک ہال میں پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ افراد وہاں اپنے ملک میں نئے قمری سال کے شروع ہونے کی خوشی میں ایک تقریب میں جمع تھے۔ گرنے والی عمارت میں 92 خاندان اور اُن کے 256 افراد رہائش پذیر تھے۔
رہائشی عمارت جس جگہ گری ، وہ ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس ہے اور اِس میں تعمیر کی گئی چاروں عمارتیں زلزلے کے جھٹکے برداشت نہ کر سکتے ہوئے زمین بوس ہوئیں۔ اب تک تقريباً 221 سے زائد افراد کو گری ہوئی عمارتوں سے باہر نکال لیا گیا ہے۔ آٹھ سو سے زائد سکیورٹی اہلکار ملبہ ہٹانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھاری کرینوں سے کنکریٹ کا ملبہ توڑ توڑ کر ہٹانے کا سلسلہ شروع ہے۔ گری ہوئی عمارت کے ملبے سے چالیس زخمیوں کو ہسپتال پہنچايا جا چکا ہے۔
سکیورٹی حکام اور فائربریگیڈ کے عملے کو یہ ڈر بھی لاحق ہے کہ کہیں مختلف جگہ سے رسنے والی قدرتی گیس آگ نہ پکڑ لے، اس صورت میں پھنسے ہوئے لوگوں کے لیے پریشانی دوچند ہو جائے گی۔
تائیوان کے سبکدوش ہونے والے صدر ما ینگ جیو نے زلزلے کے متاثرین کے لیے قائم ہنگامی مرکز کا دورہ کر کے متاثرین کے لیے جاری امدادی کارروائیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اسی دوران نومنتخب خاتون صدر سائی اِنگ وین بھی تائنان پہنچیں اور انہوں نے بھی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اُدھر چین نے کہا ہے کہ وہ تائیوان کی اِس زلزلے کے بعد ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
تائنان شہر میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والے میئر ولیم لائی کا کہنا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ہلاکتوں کی وجہ منہدم ہونے والی عمارت میں استعمال ہونے والا غیر معیاری اور ناقص تعمیراتی مواد تھا۔ لائی کے مطابق تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ تائیوانی وزیر داخلہ چن وی جے نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
تائنان میں 20 لاکھ کے قریب لوگ بستے ہیں اور سبھی اِس اِس طاقتور زلزلے سے خوف زدہ دکھائی دیتے ہیں۔ کئی عمارتوں میں دراڑیں پیدا ہو گئی ہیں۔ کئی بلند عمارات کی بنیادیں ہلنے سے وہ خطرناک حالت میں ٹیڑھی بھی ہو چکی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے دوران بلند عمارتیں لرز رہی تھیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے اور تائیوان کے محکمہٴ موسمیات کے مطابق آج آنے والے زلزلے کا مرکز تائنان شہر کے جنوب مشرق میں 43 کلومیٹر کی دوری پر 23 کلومیٹر زیر زمین تھا۔