1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی سوڈان میں ہوائی جہاز حادثہ ، کم از کم 27 ہلاکتیں

کشور مصطفیٰ4 نومبر 2015

جنوبی سوڈان میں ایک کارگو جہاز کریش ہونے کے باعث کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ جہاز جنوبی سوڈان کے دارالحکومت کے ایئرپورٹ سے اپنی پرواز کے تھوڑی دیر بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/1GzTn
تصویر: Reuters

صدراتی ترجمان کے مطابق صوبہ بالائی نیل کے شہر پالوچ جانے والا یہ روسی ساختہ جہاز ایئرپورٹ سے محض 800 میٹر کے فاصلے پر گِر گیا۔ مقامی ریڈیو کے مطابق 40 ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

پولیس تباہ ہونے والے روسی ساختہ مال بردار جہاز آنتونوف 12 کے ملبے سے مردوں، خواتین اور بچوں کی لاشیں کھینچ کر باہر نکالنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ کارگو جہاز النیل الابیض کے ایک جزیرے کی ایک کسان کمیونٹی کے رہائشی علاقے پر گرا۔ جس کے نتیجے میں رپورٹروں کے مطابق کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔

Südsudan Flugzeugabsturz
جہاز رن وے سے محض 800 میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہواتصویر: Reuters

اقوام متحدہ کی نگرانی میں کام کرنے والے ریڈیو میرایا پر نشر ہونے والی خبر میں کہا گیا، ’’ایک کارگو طیارہ جو بالائی نیل ریاست کی طرف پرواز کر رہا تھا جوبا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے رن وے سے محض 800 میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہو گیا ہے‘‘۔ اس ریڈیو اسٹیشن کی اطلاعات کے مطابق اس فضائی حادثے میں کم از کم 40 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ریڈیو پر نشر ہونے والی خبر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایئر پورٹ حکام نے کہا ہے کہ اس حادثے میں جہاز پر سوار افراد میں سے صرف 3 زندہ بچ سکے ہیں۔

جنوبی سوڈان کے دور دراز علاقوں میں اکثر کارگو طیاروں میں مسافر بھی سوار ہوتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہوائی جہاز کا مرکزی حصہ گھنے جنگلی علاقے میں گرا اور جس کے نتیجے میں اس کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے اور تباہ شدہ جہاز کا ملبہ ساحل سمندر کے وسیع علاقے میں بکھرا دکھائی دیا۔

UN Soldaten im Südsudan
جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کی فورس تعینات ہےتصویر: picture alliance/Yonhap

پولیس اور ملکی حکام اس حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں کی کوئی حتمی تعداد بتانے سے قاصر ہیں کیونکہ پولیس یہ نہیں بتا سکتی تھی کہ حادثے کے وقت جہاز پر کتنے لوگ سوار تھے، نہ ہی یہ پتہ چل سکا کہ جب یہ جہاز جزیرے پر گرا تو اُس وقت زمین پر اُس سے ٹکرا کر کتنے لوگ لقمہ اجل بنے۔

اس جزیرے پر چھوٹی کسان برادریاں آباد ہیں۔ جوبا کا ہوائی اڈہ جنگ سے تباہ حال ملک جنوبی سوڈان کا فضائی ٹریفک کے حوالے سے سب سے زیادہ مصروف ایئرپورٹ مانا جاتا ہے۔ یہ ایئر پورٹ کمرشل فلائٹس کے علاوہ کارگو اور ملٹری فلائٹس کی بھی آمد و رفت کا بنیادی ذریعہ ہے۔