جنوبی سوڈان کا مسلح سیاسی بحران، جنسی جرائم بلند ترین سطح پر
25 مارچ 2017اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کے جنوبی سوڈان میں قائم دفتر کے مطابق صدر سِلوا کیر اور سابق نائب صدر اور باغی لیڈر ریک ماچار کے درمیان جاری اقتدار کے تنازعے نے اُن کے ملک میں دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران پیدا کر دیا ہے۔ عالمی ادارے کے مقامی دفتر کی رپورٹ کے مطابق اس ملک میں جاری اس بحران کی وجہ سے خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں ساٹھ فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ان واقعات کی وجہ سے سارے ملک سے آبروریزی کا سامنا کرنے والی ستر فیصد خواتین جنوبی سوڈانی دارالحکومت جُوبا میں عالمی ادارے کے کیمپس میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ ان میں کئی کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب مسلح سیاسی بحران کے شروع ہونے پر کیا گیا تھا اور کئی خواتین کو کئی مرتبہ باغیوں اور فوجیوں نے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔
جوبا میں واقع یُو این کے دفتر کی رپورٹ کے مطابق جنوبی سوڈان کے صوبے امادی کے شہر مُنڈری میں جنسی زیادتی کے واقعات سب سے زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں اور بلاشبہ اِس کو ’ریپ کا مرکز‘ قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس شہر کی آبادی سینتالیس ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور حکومت مخالف باغیوں اور حکومت کے حامی فوجیوں کی مسلح چپقلش کی وجہ سے یہ آبادی شدید مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہی ہے۔
مُنڈری قصبے کی خواتین کو جن مصائب کا سامنا رہا ہے، اُن واقعات پر مشتمل دردناک کہانیاں ان گنت ہیں۔ گزشتہ برس اگست سے اکتوبر تک کے عرصے میں نسلی تفریق کی بنیاد پر انتیس سے زائد خواتین کو مسلح افراد نے ریپ کیا تھا۔ کئی افراد کے مطابق اس شہر کی کئی دیگر لڑکیاں اور عورتیں بھی ایسے ہی جنسی تشدد کا سامنا کرتی رہی ہیں لیکن انہیں اس لیے رپورٹ نہیں کیا گیا کیونکہ جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خواتین کا جنوبی سوڈانی معاشرے میں کوئی مقام خیال نہیں کیا جاتا۔
اس شہر کی اغوا شدہ کئی نوجوان لڑکیوں کو مغوی بناتے ہوئے اُن کے اغوا کار مسلسل اُنہیں کئی مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے ہیں۔ کئی لڑکیاں اغوا کاروں کے چنگل سے نجات ضرور پا چکی ہیں لیکن وہ انجانے مردوں سے حاملہ بھی ہیں۔ ایسی ہی ایک حاملہ لڑکی نے اپنے پیدا ہونے والے بچے کا نام باراک اوباما رکھا ہے اور اُسے امید ہے کہ جنوبی سوڈان میں ایک دن امن و امان ضرور قائم ہو کر رہے گا۔