1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی کوریا: مواصلاتی سیارے کا تجربہ ناکام

12 جون 2010

جنوبی کوریا کا مواصلاتی سیارے کوخلا میں بھیجنے کا ایک اور تجربہ ناکام ہوگیا ہے۔ اس تجربے کی ناکامی کو جنوبی کوریا کے خلائی پروگرام کے لئے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/NnwG
تصویر: AP

اطلاعات کے مطابق جنوبی کوریا کا خلائی راکٹ پرواز کے دو منٹ بعد ایک دھماکے سے تباہ ہو گیا ہے۔ اس خلائی راکٹ کے لانچ میں ایک دن کی تاخیر کے بعد اسے جمعرات کو خلا میں روانہ کیا گیا، تاہم نیرو ون نامی اس راکٹ کا پرواز کے 137 سکینڈ بعد ہی کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

سائنسی شعبےکے وزیرAhn Byong-man نے بتایا ہے کہ یہ راکٹ ستر کلو میٹر کی بلندی پر پہنچنے کے بعد تباہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ راکٹ میں نصب کیمرے میں ایک تیز روشنی دیکھی گئی، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ خلائی راکٹ اپنی پرواز کے پہلے مرحلے میں ہی تباہ ہو گیا۔

اس راکٹ کی تیاری کی سلسلے میں سیول حکومت نے روس سے خدمات حاصل کی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق اس راکٹ تجربے کی ناکامی کے اسباب جاننے کے لئے بھی روسی ماہرین سے خدمات لی جائیں گی۔ نیرو ون نامی یہ خلائی راکٹ 33 میٹر لمبا تھا۔ اس کی تیاری پر تقریباً ساڑھے چار سو ملین ڈالر کی لاگت آئی تھی۔

اس سے قبل جنوبی کوریا نے اپریل سن دوہزارنو میں بھی اپنا مواصلاتی سیارہ خلا میں بھیجنےکے لئے ایک راکٹ تجربہ کیا تھا، جو ناکام ہو گیا تھا۔ اس تجربے پرہمسایہ ملک شمالی کوریا نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق