1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستمقبوضہ فلسطینی علاقے

اقوام متحدہ اسرائیل کے خلاف مذمتی بیان واپس نہیں لے گا

8 جولائی 2023

اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف اپنا مذمتی بیان واپس لیں۔ اقوام متحدہ نے تاہم کہا ہے کہ جنین میں فوجی آپریشن سے متعلق مذمتی بیان واپس نہیں لیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/4TcTL
Israeli forces strike West Bank city
اسرائیلی فوجی آپریشن کے دوران ویسٹ بینک کے شہر جنین میں فضائی حملوں کے بعد ایک ہسپتال سے اٹھتا دھواںتصویر: Mohamad Torokman/REUTERS

عالمی ادارے کی قیادت اور اس کے رکن ملک اسرائیل کے مابین یہ اختلاف رائے اس وقت پیدا ہوا، جب اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی طرف سے چند روز قبل ایک عسکری آپریشن کیا گیا۔

 

اس فوجی آپریشن کا ہدف جنین میں واقع ایک فلسطینی مہاجر کیمپ تھا، جہاں اسرائیل کے مطابق جہادِ اسلامی سمیت کئی فلسطینی عسکریت پسند تنظیموں نے اپنے ٹھکانے اور ہتھیاروں کے ذخیرے قائم کر رکھے تھے۔ یہ اسرائیلی فوجی آپریشن گزشتہ دو عشروں کے دوران ویسٹ بینک کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں کیا جانے والا سب سے بڑا فوجی آپریشن تھا۔

اسرائیلی سفیر کا اعتراض

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا خیال تھا کہ اسرائیل اس فوجی آپریشن کے دوران بہت زیادہ حد تک عسکری طاقت استعمال کر رہا تھا۔ اسی لیے انہوں نے ان دو روزہ فوجی کارروائیوں کی مذمت کی تھی۔

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گزشتہ برس بیالیس فلسطینی بچے مارے گئے، اقوام متحدہ

Flüchtlingslager Dschenin im Westjordanland
اس فوجی آپریشن سے جنین شہر میں بچے کھچے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچاتصویر: Majdi Mohammed/AP/picture alliance

یہ مذمتی بیان اسرائیلی حکومت کو مناسب نہیں لگا تھا اور اسی لیے عالمی ادارے میں اسرائیلی سفیر نے مطالبہ کیا تھا کہ سیکرٹری جنرل گوٹیرش اپنا یہ بیان واپس لیں۔

اسرائیلی سفیر گیلاد ایردان نے سیکرٹری جنرل گوٹیرش کے اس بیان کو ''شرمناک، مبالغہ آمیز اور حقیقت سے بالکل کٹا ہوا‘‘  قرار دیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ جنین میں اسرائیلی فوجی آپریشن کا ''ہدف صرف اس قاتلانہ فلسطینی دہشت کا مقابلہ کرنا تھا، جس کے ذریعے معصوم اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کا موقف

اسرائیلی مطالبے کے جواب میں اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیو یارک میں کہا کہ سیکرٹری جنرل گوٹیرش اپنے جمعرات کے روز دیے جانے والے بیان پر قائم ہیں اور یہ بیان واپس نہیں لیا جائے گا۔

Flüchtlingslager Dschenin im Westjordanland
اقوام متحدہ کے مطابق اس فوجی آپریشن کے نتیجے میں جنین میں ہزاروں عام شہری بے گھر بھی ہو گئےتصویر: Majdi Mohammed/AP/picture alliance

گو‌ٹیرش نے جنین شہر میں فلسطینی مہاجر کیمپ میں اسرائیل کے زمینی فوجی آپریشن اور فضائی حملوں کی وسعت، شدت اور نوعیت پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ آپریشن وسیع تر تباہی کا سبب بنا تھا۔

مقبوضہ مغربی کنارے کی اسرائیلی بستی میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک

انٹونیو گرٹیرش کے مطابق جنین مہاجر کیمپ میں یہ فوجی آپریشن سو سے زائد عام شہریوں کے زخمی ہو جانے، ہزاروں دیگر کے بے گھر ہو جانے، کئی اسکولوں اور ہسپتالوں کو نقصان پہنچانے اور پانی اور بجلی کی سپلائی کے نظاموں تک میں تعطل کا سبب بنا تھا۔

ساتھ ہی عالمی ادارے کے سربراہ نے اسرائیل پر اس لیے بھی تنقید کی تھی کہ اس کارروائی کے دوران زخمی ہونے والوں کو طبی امداد حاصل کرنے سے بھی روکا گیا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کرنے والے کارکن بھی ضرورت مند انسانوں تک نہ پہنچ سکے۔

اس فوجی آپریشن میں بارہ فلسطینی اور ایک اسرائیلی فوجی مارے گئے تھے۔

Kenia l UN Generalsekretär Antonio Guterres in Nairobi
’’میں عام شہریوں کے خلاف ہر طرح کے پرتشدد اقدامات، بشمول دہشت پھیلانے والے اعمال، کی شدید مذمت کرتا ہوں،‘‘ سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرشتصویر: Thomas Mukoya/REUTERS

انٹونیو گوٹیرش کے الفاظ کیا تھے؟

سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے جمعرات چھ جولائی کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، ''میں عام شہریوں کے خلاف ہر طرح کے پرتشدد اقدامات، بشمول دہشت پھیلانے والے اعمال، کی شدید مذمت کرتا ہوں۔‘‘

فلسطین: یوم نکبہ کے 75 برس مکمل

پھر جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا ان کی طرف سے مذمت کا اطلاق اسرائیل پر بھی ہوتا ہے، تو انہوں نے کہا تھا، ''اس کا اطلاق طاقت کے ہر بےجا حد تک زیادہ استعمال پر ہوتا ہے۔ اور اس (جنین کی) صورت حال میں، اسرائیلی فورسز نے طاقت کا بےجا حد تک زیادہ استعمال کیا۔‘‘

اس حوالے سے اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیو یارک میں کہا کہ انٹونیو گوٹیرش ''تشدد کی ہر اس قسم کی کھل کر مذمت کرتے ہیں، جو اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں عام شہریوں کو متاثر کرتی ہے، اس بات سے قطع نظر کہ اس کا مرتکب کون ہے۔‘‘

م م / ع س (اے پی)

مشرقی یروشلم سے فلسطینی خاندانوں کی بے دخلی