1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آرمینیائی باشندوں کا قتل عام نسل کُشی تھی، جو بائیڈن

25 اپریل 2021

امریکی صدر جو بائیڈن نے پہلی عالمی جنگ کے دوران سلطنت عثمانیہ کے دور میں آرمینیائی باشندوں کے قتل عام کو نسل کُشی قرار دے دیا ہے۔ اس کو مسترد کرتے ہوئے ترکی نے کہا ہے کہ بائیڈن امریکا کی حالیہ تاریخ پر نظر ڈالیں۔

https://p.dw.com/p/3sXSP
Armenien Gedenken Massaker an den Armeniern während des Ersten Weltkriegs
تصویر: Ashot Gazazyan/DW

 

امریکی صدر جو بائیڈن نے ہفتہ 24 اپریل کو سلطنت عثمانیہ کے دور میں آرمینیائی باشندوں کے قتل عام کے واقعے کو نسل کُشی قرار دے دیا۔ اس طرح ڈیموکریٹ امریکی صدر جو بائیڈن امریکا کے وہ پہلے صدر بن گئے جنہوں نے ترکی کے لیے ایک سیاہ دھبے کی حیثیت رکھنے والے ان واقعات کو نسل کُشی قرار دیا ہے۔

جو بائیڈن کی طرف سے آرمینیائی باشندوں کے 1915 ء میں سلطنت عثمانیہ کے دور میں ہونے والے قتل عام کے اس واقعے کے حوالے سے ایک روز قبل یعنی جمعے کو ہی ترک صدر رجب طیب اردوآن کے ساتھ فون پر بات چیت کی تھی۔ بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے یہ اعلان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آرمینیائی باشندوں کے ساتھ سلطنت عثمانیہ کے دور میں ہونے والے ظلم و ستم کو نسل کُشی قرار دینے کا معاملہ ہمیشہ ہی سے امریکا اور ترکی کے سفارتی تعلقات پر براہ راست اثر انداز ہوتا رہا ہے اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا رکن ہونے کے ناطے امریکا اور ترکی دونوں ہی اس موضوع کو زیر بحث لانے میں انتہائی محتاط رویہ اختیار کرتے آئے ہیں۔ ترکی تاریخ کے اُن واقعات کو جنہیں'آرمینیائی باشندوں کی  نسل کُشی‘ کہا جا رہا ہے، ہمیشہ سے مسترد کرتا آیا ہے۔

آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین ’انسانی بنیادوں‘ پر نیا سیزفائر معاہدہ

Armenien Jahrestag des Massakers während des Ersten Weltkriegs in Jerewan
آرمینیائی باشندوں کی ہلاکتوں کی ہفتے کے روز 106ویں برسی تھی۔ تصویر: Asatur Yesayants/Sputnik/dpa/picture alliance

چوبیس اپریل کی اہمیت

امریکی صدر جو بائیڈن نے 24 اپریل کو اُن تاریخی واقعات کے بارے میں یہ بیان اس لیے دیا کہ  سن 1915میں بڑے پیمانے پرآرمینیائی باشندوں کی ہلاکتوں کی ہفتے کے روز 106ویں برسی تھی۔ مارے جانے والے  ہزاروں آرمینیائی باشندوں کے ورثاء اس بارے میں ایک عرصے سے مہم چلا رہے ہیں کہ کسی طرح عالمی برادری کی جانب سے اُن واقعات کو قتل عام یا 'نسل کُشی‘ قرار دیا جائے۔ ہفتے کے روز امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا، '' امریکا 1915ء میں ہونے والے قتل عام کو، جس میں ڈیڑھ  ملین آرمینیائی باشندوں کو سلطنت عثمانیہ کے دور میں موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا 'نسل کُشی‘ قرار دیتا ہے۔‘‘ بائیڈن کا مزید کہنا تھا،'' ہم ان واقعات میں ہلاک ہونے والے تمام آرمینیائی باشندوں کو اس دن یاد کر رہے ہیں اور اس عزم کا دوبارہ اظہار کرتے ہیں کہ ہم آئندہ کبھی اس قسم کے واقعات کو نہیں ہونے دیں گے۔‘‘  

                                ترکی آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیائی فوج کا انخلا چاہتا ہے

Armenien Jahrestag des Massakers während des Ersten Weltkriegs in Jerewan
24 اپریل سن 1915 میں یہ تاریخی واقعات پیش آئے تھے۔تصویر: Asatur Yesayants/Sputnik/dpa/picture alliance

ترکی کا رد عمل

جوبائیڈن کے اعلان کے چند منٹوں بعد ہی ترکی نے جواب میں مکمل طور پر اس لیبل کو مسترد کر دیا۔ ترک وزارت خارجہ نے اس معاملے پر ترکی میں متعین امریکی سفیر کو طلب کر لیا۔ ترک وزیر خارجہ مولوت چاؤش اُولو نے ایک ٹوئیٹ میں تحریر کیا، ''ہمیں اپنے ماضی کے بارے میں کسی سے کچھ سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سیاسی موقع پرستی امن و انصاف کی سب سے بڑی خیانت ہے۔ ہم پاپولزم یا عوامیت پرستی پر مبنی اس بیان کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔‘‘ اُدھر ترکی کے ایک صدارتی ترجمان ابراہیم کلن نے اپنے بیان میں کہا کہ جو بائیڈن کو دوسروں پر تنقید سے پہلے حالیہ امریکی تاریخ کو دیکھنا چاہیے۔ کلن کا کہنا تھا، ''ہم امریکی صدر کے ان بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ان کو مسترد کرتے ہیں جو صرف ان لوگوں کے الزامات کو دہراتے ہیں جن کا واحد ایجنڈا ہمارے ملک سے دشمنی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''ہم امریکی صدر کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ خود اپنے ملک کے ماضی اور حال  پر نظر ڈالیں۔‘‘

ترکی نے چار ہزار شامی جنگجو آذربائیجان بھیجے، آرمینیا کا الزام

آرمینیائی باشندے پہلی عالمی جنگ کے دوران بڑے پیمانے پر اپنی نسلی برادری کی ہلاکتوں کو آرمینائی  نسل کشی کا نام دیتے ہیں اور انہوں نے جو بائیڈن کے بیانات پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ک م / اب ا (اے ایف پی، اے پی)