جیٹ ایئر ویز کا تنازعہ، حل کی جانب پیش قدمی
11 ستمبر 2009بھارتی لیبر کمشنر کی ثالثی میں اس فضائی کمپنی کے حکام اور پائلٹس کے مابین مصالحتی مذاکرات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق جیٹ ایئر ویز کے حکام نوکری سے نکالے جانے والے چار پائلٹس کو دوبارہ ملازمت پر رکھنے کے لئے راضی ہوگئے ہیں۔
ساتھی پائلٹس کی برطرفی کے فیصلے کے خلاف رواں ہفتے منگل کے روز سے اس فضائی کمپنی کے تقریباً چھہ سو پائلٹس خود کو بیمار بتا کر چھٹی پر چلے گئے تھے۔کام پر نہ آنے کے باعث گزشتہ چار روز کے دوران جیٹ ایئر ویز کو اپنی دو سو تیس سے زائد ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، جس کے نتیجے میں تیس ہزار مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پائلٹوں کی طرف سے بغیر اعلان کے اس خاموش احتجاج کے باعث جیٹ ایئر ویز کو ہر روز اسّی لاکھ ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ جیٹ ایئر ویز کے طیارے مسافروں کو بھارت کے تمام ہی بڑے شہروں کے علاوہ لندن، نیو یارک، ٹورنٹو، سنگا پور اور دوسرے بڑے بین الاقوامی شہروں تک بھی پہنچاتے ہیں۔
خبر رساں ادارے
ادارت: انعام حسن