1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جے وردنے کے دس ہزار رنز، میچ پاکستان کے نام

19 نومبر 2011

پاکستان کے خلاف تیسرے میچ میں سری لنکا کے کھلاڑی مہیلا جےوردنے نے ایک روزہ میچوں میں اپنے دس ہزار رنز مکمل کر لیے۔ پاکستان نے یہ میچ 21 رنز سے جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/13DUi
جے وردنے دس ہزار رنز کرنے والے نویں کھلاڑی ہیںتصویر: dapd

سری لنکا کے 34 سالہ مہیلا جے وردنے دنیائے کرکٹ میں وہ نویں کھلاڑی ہیں، جنہوں نے ایک روزہ میچوں میں دس ہزار رنز بنانے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ وہ جے سوریا کے بعد ون ڈے کرکٹ میں سری لنکا کی طرف سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بلے باز ہیں۔

جے وردنے نے پاکستان کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں 50 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ 13رنز کے فرق سے دس ہزار رنز مکمل نہ کر سکے تھے۔ تاہم تیسرے میچ میں انہوں نے17 رنز بنائے اور وہ سعید اجمل کی بالنگ کا شکار ہوئے۔ جے وردنے نے 354 میچوں کی 332 اننگز میں23.51 کی اوسط سےرنز اسکور کیے ہیں، جن میں 15سینچریاں اور61 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

تاہم مہیلا جے وردنے اپنے دس ہزار رنز تو مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن سری لنکا پاکستان سے21 رنز سے یہ میچ ہار گیا۔ اس طرح پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو ایک سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 257 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس اسکور میں محمد حفیظ کی 83 اور عمران فرحت کی 70 رنز کی اننگز شامل ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے کپتان مصباح الحق کے پہلے بیٹنگ کرنے کے فیصلے کو صحیح ثابت کیا اور پاکستان کی پہلی وکٹ151 کے اسکور پر گری۔ اس دوران حفیظ نے ایک روز میچوں میں اپنی 12ویں اورعمران نے اپنی دسویں نصف سینچری بنائی۔

Pakistan Cricket Logo
پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ 20 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گاتصویر: DW

جواب میں سری لنکا کی پہلی وکٹ صرف پانچ رنز پر ہی گری تاہم دلشان اور کمار سنگاکارا نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں کی پارٹنر شپ 106 رنز کی رہی۔ دلشان کو 64 رنز پر شاہد آفریدی نے بولڈ کیا جبکہ سنگاکارا کو 45 رنز پر آفریدی نے ہی رن آؤٹ کیا۔ اس موقع پر سری لنکا کی وکٹیں تیزی سے گرتی رہیں۔ چندی مال اور میتھیوس نے میچ کو بچانے کی بہت کوشش کی لیکن پاکستان کی شاندار بالنگ کے آگے وہ بے بس نظر آئے۔ اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 236 رنز بنا کر آؤٹ ہو گی۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل اور عمرگل نے تین، تین جبکہ شاہد آفریدی نے دو اور محمد حفیظ ایک وکٹ لی۔ سیریز کا چوتھا میچ 20 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید