1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حزب اللہ نے اسرائیل پر 100 سے زائد راکٹ فائر کیے

22 ستمبر 2024

لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے اتوار کی صبح شمالی اسرائیل کے علاقوں پر ایک سو سے زائد راکٹ داغے۔ اسرائیل کے بندرگاہی شہر حیفہ کے قریب راکٹوں کے گرنے سے عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/4kx0M
لبنان سے اسرائیل کی جانب ایک سو سے زائد راکٹ فائر کیے گئے
لبنان سے اسرائیل کی جانب ایک سو سے زائد راکٹ فائر کیے گئےتصویر: Shir Torem/REUTERS

اسرائیلی فوج کے مطابق اتوار کی صبح  لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ  کی طرف سے اسرائیل کی جانب ایک سو سے زائد راکٹ فائر کیے گئے، جن میں سے زیادہ تر کو اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے تباہ  کر دیا۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کچھ راکٹ شمالی شہر حیفہ کے قریب گرے جہاں کم از کم تین افراد زخمی ہوگئے اور کاروں سمیت کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ان حملوں میں زخمی ہونے والوں کا علاج کیا جا رہا ہے اور اب تک ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

حزب اللہ کے پیجرز اچانک کیسے پھٹ پڑے؟

دوسری جانب عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے رامات ڈیوڈ ایئربیس کو پے در پے میزائل حملوں سے نشانہ بنایا۔ واضح رہے لبنان کے درالحکومت بیروت میں جمعے کے روز کیے گئے ایک اسرائیلی حملے  میں کم از کم  45 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے میں حزب اللہ کے ایک اہم کمانڈر ابراہیم عقیل سمیت متعدد ارکان بھی ہلاک ہوگئے۔ ہلاکشدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ حزب اللہ نے تازہ راکٹ حملے بظاہر اسرائیلی کارروائی کے جواب میں کیے ہیں۔

شمالی اسرائیل میں مریض زیر زمین کمروں میں منتقل

اسرائیل کی وزارت صحت نے ملک کے شمالی حصے کے ہسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے آپریشنز محفوظ مقامات پر منتقل کردیں۔

حیفہ میں رامبم ہسپتال
حیفہ میں رامبم ہسپتالتصویر: Ohad Zwigenberg/AP Photo/picture alliance

ٹائمز آف اسرائیل کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ وزارت اسرائیلی دفاعی فورسز کی ہدایات پر عمل کر رہی تھی۔ وزارت صحت نے مزید کہا کہ حیفہ میں رامبم ہسپتال، جہاں راتوں رات ہونے والے حملوں سے عمارتوں کو نقصان پہنچا، وہاں مریضوں کو اس کے زیر زمین محفوظ کمروں میں منتقل کیا گیا ہے۔

اسرائیل کی تازہ جوابی کارروائی

بعد ازاں اسرائیلی فضائیہ نے کہا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے روز جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے منسلک "درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا" جن میں عسکری تنصیبات بھی شامل ہیں۔"

اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ حزب اللہ کی صلاحیتوں اور عسکری انفراسٹرکچر کو "نقصان پہنچانا اور اسے کمزور" کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔ 

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ چند دنوں میں حزب اللہ پر "سلسلہ وار حملے کیے۔"  نیتن یاہو کے بقول، ''اگر حزب اللہ کو اب تک اسرائیل کا پیغام نہیں ملا ہے تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اسے یہ پیغام ضرور مل جائے گا۔" انہوں نے مزید کہا،  "کوئی بھی ملک اپنے شہریوں  اور شہروں پر حملے برداشت نہیں کر سکتا اور اسرائیلی ریاست بھی انہیں برداشت نہیں کرے گی۔"

مشرق وسطیٰ میں 'ممکنہ تباہی' پر اقوام متحدہ کی تنبیہ

دریں اثنا لبنان کی وزارت صحت کے مطابق جنوبی لبنان کے دو دیہاتوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں دو افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہو گئے ہیں۔

اسرائیل فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے منسلک درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا۔
اسرائیل فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے منسلک درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا۔تصویر: Rabih Daher/AFP/Getty Images

گزشتہ برس سات اکتوبر کو اسرائیل پر فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے دہشتگردانہ حملوں کے جواب میں شروع ہونے والی غزہ جنگ  کے تناظر میں حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ حملے شروع کیے تھے۔ اس کے بعد سے اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین سرحد پر مہلک حملوں اور جوابی حملوں کا تبادلہ بھی جاری ہے۔

لبنان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی کوآرڈینیٹر جینین ہینس پلاسچارٹ نے متنبہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کو ایک تباہ کن صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے تازہ جھڑپوں کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ کو وارننگ جاری کی ہے کہ خطہ "ایک آنے والی تباہی کے دہانے پر ہے۔"

ع آ / م ا / ع ا (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)