1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

اسرائیلی یرغمالیوں سے متعلق مذاکرات کی امریکی تجویز ’قبول‘

6 جولائی 2024

ہفتہ چھ جولائی کو دُبئی اور قاہرہ سے موصولہ خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق عسکریت پسند گروپ حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پر بات چیت کی امریکی تجویز قبول کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/4hxoT
USA Verteidigungsminister Austin empfängt den israelischen Verteidigungsminister Gallant im Pentagon
تصویر: Michael Reynolds/EPA

اس امریکی تجویز میں اسرائیلی یرغمالیوں، جن میں فوجی اور مرد بھی شامل ہیں، کی رہائی کے بارے میں بات چیت شروع کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ حماس کے ایک سینیئر اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ہفتے کے روز روئٹرز کو ان تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ حماس نے اس معاہدے کے لیے اپنی اُس شرط کو واپس لے لیا ہے جس کے تحت معاہدے پر دستخط سے پہلے اسرائیل سے غزہ پٹی میں مستقل فائر  بندی  کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اُدھر بین الاقوامی سطح پر حماس اور اسرائیل کے مابین ثالثی کی کوششوں کے بارے میں معلومات رکھنے والے ایک فلسطینی ذریعے نے روئٹرز کو بتایا کہ اگر اسرائیل امریکی تجویز کو قبول کرتا ہے تو یہ اقدام ایک فریم ورک معاہدے کی راہ ہموار کر دے گا جس کی مدد سے گزشتہ برس اکتوبر سے جاری غزہ جنگ ختم ہو سکے گی۔

اسرائیلی وزیر دفاع اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن کے ساتھ واشنگٹن میں
واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر دفاع اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ ایک کانفرنس میںتصویر: Susan Walsh/AP Photo/picture alliance

اسرائیل کی مذاکراتی ٹیم کے ایک رکن نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اب ایک معاہدے تک پہنچنے کا حقیقی موقع میسر ہے۔

 

غزہ میں جنگ بندی، نیتن یاہو پر بڑھتا دباؤ

 یہ بیان ماضی کے ان بیانات کے بالکل برعکس تھا جس میں اسرائیل نے  غزہ  میں نو ماہ سے چلی آ رہی جنگ کے تناظر میں کہا تھا کہ حماس کی طرف سے مذاکرات کے لیے لگائی گئی شرائط کہیں سے بھی قابل قبول نہیں ہیں۔

دریں اثناء اسرائیلی  وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ایک ترجمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔ ایک روز قبل یعنی جمعہ کو نیتن یاہو کے دفتر کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ مذاکرات اگلے ہفتے جاری رہیں گے۔ ساتھ ہی اس امر پر زور دیا گیا تھا کہ فریقین کے مابین ہنوز خلیج باقی ہے۔

غزہ کی رہائشی عمارتوں کی مکمل تباہی
غزہ میں اسرائیلی حملوں کے سبب شہر کی عمارتوں کے انہدام کا منظرتصویر: Ayman Al Hassi/REUTERS

حماس کے ذریعے نے بتایا کہ مذاکرات کی نئی تجویز اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ثالث عارضی  جنگ بندی ، امداد کی ترسیل اور اسرائیلی فوج کے انخلاء کو یقینی بنانے کی ضمانت دیں گے جبکہ اس دوران مذاکرات کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کے لیے  بالواسطہ بات چیت جاری رہے گی۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جمعہ کو کہا تھا کہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ قطر میں ثالثوں کے ساتھ ابتدائی ملاقات کر کے واپس آ گئے ہیں اور یہ بات چیت اب آئندہ ہفتے جاری رہے گی۔

ک م/ا ب ا - م ا (روئٹرز)