1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ختنہ: قانون کے اعلان کے باوجود بحث جاری

10 اکتوبر 2012

وفاقی جرمن حکومت نے مذہبی وجوہات کی بناء پر لڑکوں کے ختنے کو ایک قانون کے ذریعے جائز قرار دینے اور یوں اس موضوع پر جاری گرما گرم بحث کو ختم کا فیصلہ کیا ہے تاہم بچوں کے حقوق کے لیے سرگرم حلقے بدستور غیر مطمئن ہیں۔

https://p.dw.com/p/16NCt
تصویر: dapd

ان حلقوں کا کہنا ہے کہ اس موضوع پر اصل بحث تو شروع ہی اب ہو گی۔ لڑکوں کے ختنے کا موضوع ہمہ جہت ہے اور اس کا تعلق مذہبی روایات کے ساتھ ساتھ طبی، قانونی اور سیاسی پہلوؤں سے بھی ہے۔ بچوں کے تحفظ کی جرمن تنظیم کی مجلس عاملہ کے رکن کرسٹیان سائن ہوفر کے بقول ’ایک ساتھ بہت سے بنیادی حقوق کا معاملہ اس موضوع پر بحث کو مشکل بنا رہا ہے‘۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اُس مسودہ قانون کو ایک کامیاب مفاہمت قرار دیتے ہیں، جسے وفاقی جرمن حکومت آج دَس اکتوبر کو برلن میں منظور کرنے والی ہے۔ تاہم ڈاکٹروں کی تنظیمیں بدستور مزاحمت کر رہی ہیں۔

یہ ساری بحث اس سال مئی میں شروع ہوئی تھی، جب کولون کی ایک مقامی عدالت نے ایک چھوٹے لڑکے کے ختنوں کو ناقابل قبول جسمانی نقصان قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔ اس پر مسلمانوں اور یہودیوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور کہا گیا کہ اس سے اُن کی مذہبی آزادیاں محدود ہوتی ہیں۔

کچھ مبصرین کے خیال میں جرمنی میں پابندی لگنے کے بعد مسلمان اور یہودی والدین اپنے لڑکوں کے ختنے کروانے کے لیے برون ملک جانا شروع ہو جائیں گے
کچھ مبصرین کے خیال میں جرمنی میں پابندی لگنے کے بعد مسلمان اور یہودی والدین اپنے لڑکوں کے ختنے کروانے کے لیے برون ملک جانا شروع ہو جائیں گےتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن حکومت کے مجوزہ قانون میں آئندہ اس صورت میں لڑکوں کے ختنوں کی اجازت ہو گی کہ ’وہ باقاعدہ کسی ڈاکٹر کی نگرانی میں کیے جائیں‘۔ پیدائش کے بعد کے پہلے چھ مہینوں میں مذہبی برادری کا کوئی ماہر نمائندہ بھی یہ کام انجام دے سکے گا۔ اس اجازت کے مخاطب خاص طور پر یہودی شہری ہیں، جن کے ہاں لڑکوں کے ختنے اُس کی پیدائش کے آٹھویں روز کر دیے جاتے ہیں۔ مسلمان شہری اپنے لڑکوں کے ختنے اُن کی پیدائش کے چند سال بعد کسی ڈاکٹر سے کرواتے ہیں۔

جرمنی میں ختنے کے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد مسلمان ہی نہیں بلکہ یہودی بھی سراپا احتجاج بن گئے تھے
جرمنی میں ختنے کے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد مسلمان ہی نہیں بلکہ یہودی بھی سراپا احتجاج بن گئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa

تاہم جرمن ڈاکٹر اور اُن کی تنظیمیں ان رعایات کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور اُن کا موقف یہ ہے کہ کسی طبی وجہ کے بغیر صرف مذہبی روایات کے تحت کسی بچے کے ختنے کروانا اُس کے جسم کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

بچوں کے تحفظ کی جرمن تنظیم کا کہنا ہے کہ چونکہ یہودی اور مسلمان شہری اپنے لڑکوں کے ختنوں کو اپنا مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔ اس لیے وہ یہ کام ہر صورت میں کروائیں گے۔ جرمنی میں پابندی کی صورت میں وہ یا تو ملک سے باہر جا کر اپنے لڑکوں کے ختنے کروائیں گے یا یہی کام یہاں جرمنی میں رہتے ہوئے غیر قانونی طور پر کریں گے، جو بچوں کے لیے زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔

جرمنی میں لڑکوں کے ختنے کا ہر دسواں واقعہ مذہبی نہیں بلکہ طبی وجوہات کی بناء پر عمل میں آتا ہے۔ عالمی ادارہء صحت بھی ایڈز اور دیگر جنسی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے لڑکوں کے ختنوں کا حامی ہے۔

O.Kämper/aa/km