خواتین کے بارے میں نازیبا کلمات کی ویڈیو اور ٹرمپ کی معذرت
8 اکتوبر 2016امریکی ری پبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سن 2005 میں ریکارڈ ہونے والے ایک پروگرام کے دوران موضوع سے ہٹ کر کی جانے والی گفتگو کی فوٹیج عام ہونے پر معذرت کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اس ویڈیو کے حوالے سے اپنی نادانی پر معذرت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اِس گفتگو کو ایک غلطی بھی قرار دیا۔ ٹوئٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایک بہتر انسان بننے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ویڈیو عام کرنے کو سیاسی منظر نامے پر اہم مسائل سے عام لوگوں کی توجہ ہٹانے کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔
سن 2005 میں ریکارڈ ہونے والی ویڈیو امریکی ٹیلی وژن چینل این بی سی کے پروگرام ’ایکسیس ہالی ووڈ‘ کی ریکارڈنگ کے دوران بنی تھی۔ اصل پروگرام سے ہٹ کر ڈونلڈ ٹرمپ پروگرام کے کمپیئر بِلی بُش سے گفتگو کر رہے ہیں۔ بِلی بُش سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بُش کے بھائی جوناتھن بُش کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے بھی اِس ویڈیو کی گفتگو پر شرمندگی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ ویڈیو واشنگٹن پوسٹ نے ریلیز کی ہے۔ ٹیلی وژن چینل این بی سی نے اِس ویڈیو کے اپنی لائبریری میں موجود ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔ اس ویڈیو میں اُس وقت کے ریئیلٹی ٹی وی اسٹار ڈونلڈ ٹرمپ خواتین کے حوالے سے نامناسب گفتگو کرتے سنے جا سکتے ہیں۔ ایک موقع پر وہ کہتے ہیں کہ اگر آپ اسٹار ہیں تو کسی بھی خاتون کے ساتھ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ کئی دیگر قابل اعتراض الفاظ کے علاوہ انہیں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ کیسے وہ شادی شدہ خواتین کو اپنی طرف راغب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ بوس و کنار سے آگے بھی جا سکتے ہیں۔
اِس ویڈیو کے منظر عام آنے پر ری پبلکن پارٹی کے کئی اہم رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے کلمات پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر پال ریان نے وسکانسن میں ری پبلکن پارٹی کی ایک بڑی تقریب کے مہمانوں میں سے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام خارج کر دیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ اِس تقریب میں اُن کے نمائندگی نائب صدارت کے امیدوار مائک پینس کریں گے۔ ٹرمپ کی حریف ہیلری کلنٹن نے ان الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ’خوفناک‘ قرار دیا ہے۔