دبئی ٹیسٹ، سری لنکا کا اچھا ’کم بیک‘
28 اکتوبر 2011پاکستان اور سری لنکا کے مابین دبئی اور ابوظہبی میں جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے دوران سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم نے اچھا کم بیک کیا۔
تیسرے دن کے اختتام پر سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز سنگاکارا 29 جبکہ اوپنر تھارنگا پراناویترا 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 403 کے جواب میں جب اپنی دوسری اننگز شروع کی تو پاکستان کو 164 رنز کی برتری حاصل تھی۔ پاکستانی بولرز نے اچھا آغاز کیا لیکن اوپنر تھریمانے آٹھ کے انفرادی اسکور پر محمد حفیظ کے ہاتھوں جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ بائیس کے مجموعی اسکور پر گری لیکن بعد میں سنگاکارا اورتھریمانے نے اپنی ٹیم کو اچھا سہارا دیا اور پاکستان کی سبقت کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تیسرے دن کے آغاز پر پاکستانی ٹیم نے 281 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز شروع کی تو مصباح الحق اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کر کے 41 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جبکہ نائٹ واچ مین سعید اجمل بیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی بلے باز اسد شفیق نے اس موقع پر عمدہ کھیل پیش کیا اور نصف سنچری اسکور کی۔ وکٹ کیپر بلے باز عدنان اکمل نے اسد کا خوب ساتھ دیا اور دونوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 70 رنز جوڑے۔ اسد شفیق کے 59 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد عدنان اکمل کا ساتھ دینے والا کوئی نہ رہا اور پاکستانی کی بقیہ بیٹنگ لائن ایک دم ہی آؤٹ ہو گئی۔ عدنان اکمل نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 41 رنزبنائے۔
سری لنکا کی طرف سے دلشان اور پرساد نے تین تین جبکہ چھناکا ویلیگدارا اور ہیراتھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کرکٹ مبصرین کے بقول سری لنکا کی ٹیم کے لیے چوتھے دن کا پہلا سیشن انتہائی اہم ہوگا۔ اگر اس دوران پاکستانی بولرز نے چند وکٹیں گرا دیں تو میچ سری لنکا کی ٹیم کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ بظاہر اس وقت پاکستان کی پوزیشن بہتر محسوس ہو رہی ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: حماد کیانی