1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبنگ نے بالی وڈ آسکرز کا میلہ لوٹ لیا

26 جون 2011

انسپکٹر چُلبل پانڈے ’سلمان خان‘ کی فلم نے ’بالی وڈ آسکر ایوارڈز‘ کا میلہ لوٹ لیا ہے۔ دبنگ کو سال کی بہترین فلم، بہترین مرد و خاتون پلے بیک سنگرز، بہترین میوزک ڈائریکشن اور بہترین اسکرین پلے کے ایوارڈز دیے گئے۔

https://p.dw.com/p/11jgr
تصویر: AP

بالی وڈ آسکرز ’انڈین انٹرنیشنل فلم اکیڈمی ‘ کے اس 12ویں سالانہ ایوارڈز کی تقریبِ تقسیم پہلی بار کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں منعقد کی گئی تھی۔ ابی ناؤ کاشف کی ڈائریکشن میں بنی فلم دبنگ گزشتہ سال ستمبر میں ریلیز کی گئی تھی۔ فلم میں ولن کا کردار نبھانے والے سونو سود کو بھی بہترین اداکاری پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس فلم کی کہانی ایک ایسے من چلے اور شوخ پولیس انسپکٹر ’سلمان خان‘ کے گرد گھومتی ہے جو بہت زیادہ قانون کی پابندی نہیں کرتا اور ایک شرابی کی بیٹی سے پیار کرنے لگتا ہے۔ سلمان خان نے ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ کرینہ کپور کے ساتھ ’باڈی گارڈ‘ نامی، ایکش و رومان سے بھری فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

دبنگ میں ’منی بدنام ہوئی‘ گانے پر ممتا شرما کے حصے میں بہترین خاتون پلے بیک سنگر کا ایوارڈ آیا۔ اس کے علاوہ فلم مائی نیم از خان کو بہترین کہانی، بہترین نغمے، بہترین اداکار ’شاہ رخ خان‘ اور بہترین ہدایتکار ’کرن جوہر‘ کے ایوارڈز دیے گئے۔ کرن جوہر کا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہنا تھا کہ ایک ایسے مسلمان کی کہانی پر یہ فلم بنانا ان کے لیے خاصا جذباتی معاملہ تھا جو امریکہ میں استحصال کا شکار ہوتا ہے۔

BdT Shahrukh Khan auf der Berlinale 2008
شاہ رخ برلینالے فلمی میلے کے موقع پر، فائل فوٹوتصویر: AP

کرن کے بقول اس فلم سے خود انہیں برداشت اور محبت کا درس ملا۔ شاہ رخ خان، انیل کپور، دیول خاندان کے افراد کے علاوہ آسکر ایوارڈ یافتہ ہلیری سوانک اور کیوبا گوڈنگ جونیئر سمیت درجنوں دیگر فلمی ستاروں نے اس تقریب کو زینت بخشی۔ بالی وڈ کے کنگ خان نے چھ سال بعد کسی ایوارڈز شو میں شرکت کی ہے۔ شاہ رخ ان دنوں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

ٹورانٹو کے راجرز سینٹر اسٹیڈیم میں بھارتی فلموں کے دلدادہ ہزاروں افراد نے ایوارڈز کی تقسیم کی اس تقریب میں شرکت کی جبکہ دیگر کروڑوں نے ٹیلی وژن کی اسکرین پر اسے براہ راست دیکھا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں