1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

درجنوں بے گناہ بھارتی مسلمان برسوں قید کے بعد باعزت بری

جاوید اختر، نئی دہلی
9 فروری 2022

گجرات کی ایک عدالت نے اٹھائیس مسلم نوجوانوں کو تیرہ برس قید کے بعد باعزت بری کر دیا۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان بے گناہ شہریوں کو زر تلافی اور ان کی زندگیاں برباد کرنے والوں کو سزائیں ملنا چاہییں۔

https://p.dw.com/p/46jk1
Indien Tihar Gefängnis in New Delhi
بے گناہوں کی زندگیوں کے جیلوں میں تباہ ہو جانے سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کے خلاف مقدمات کی سماعت تیز رفتار ہوتصویر: ROBERTO SCHMIDT/AFP/GettyImages

ان 28 افراد کے باعزت بری کیے جانے کا واقعہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ  بھارتی عدلیہ میں یہ روش عام ہے۔ بھارتی صوبے گجرات کے شہر احمد آباد میں 26 جولائی 2008ء کو ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار 77 افراد میں سے 28 مسلم نوجوانوں کو ایک خصوصی عدالت نے منگل آٹھ فروری کے روز باعزت بری کر دیا۔ قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ دیگر 49 قصور وار افراد میں سے بھی بیشتر کو رہائی مل جائے گی کیونکہ وہ اپنے جرائم کے لیے مقررہ سے زیادہ مدت کی سزائیں پہلے ہی کاٹ چکے ہیں۔

احمد آباد کی عدالت کے فیصلے کے بعد بھارت میں ایک بار پھر یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ بے گناہی کے باوجود زندگی کے بہت سے قیمتی سال جیل میں برباد کر دیے جانے کے لیے قصور وار کون ہیں اور کیا ان قصور وار عناصر کو کوئی سزا بھی ملے گی؟ کیا باعزت بری کیے جانے والے بے گناہ شہریوں کو کبھی کوئی زر تلافی بھی ملے گا؟

بے گناہوں کے لیے زر تلافی دور کا خواب

انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ دنیا کے ہر مہذب ملک میں بے گناہ ثابت ہو جانے پر متعلقہ ملزم یا ملزمان کو زر تلافی کے طور پر مالی معاوضہ دینے کا نظم ہے، لیکن بھارت میں قانونی طورپر اس کی گنجائش ہونے کے باوجود عملاً ایسا ممکن ہی نہیں۔

ساؤتھ ایشیا ہیومن رائٹس ڈاکیومینٹیشن سینٹر کے ڈائریکٹر روی نائر نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قانوناً اور اصولاً کسی بھی بے گناہ شخص کو ایک دن بھی جیل میں نہیں رکھا جانا چاہیے۔ لیکن انہوں نے کہا، ''بھارت میں 15، 20 حتیٰ کہ 28 برس تک بھی کسی بے گناہ کو جیل میں رکھا جاتا ہے۔ اس کی برسوں کی زندگی اس سے چھین لی جاتی ہے لیکن کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا جاتا۔ پھر ایسے شہریوں کو جھوٹے الزامات میں پھنسانے والے پولیس اہلکاروں یا دیگر افراد کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔‘‘

روی نائر نے کہا کہ بھارت میں بڑی تعداد میں مسلم نوجوان جیلوں میں بند ہیں، ان میں سے بہت سے کئی کئی برسوں بعد بے گناہ ثابت ہونے پر رہا ہو جاتے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے ''مسلم تنظیمیں اس بارے میں کچھ نہیں کر رہیں حالانکہ میں نے خود بار ہا ان کی توجہ اس طرف دلائی ہے۔‘‘

Indischer Politiker Raghuraj Pratap Singh im Gefängnis
تصویر: S. Waheed

عدالتوں میں تاریخ پر تاریخ

روی نائر کہتے ہیں کہ بے گناہ ثابت ہو جانے کے باوجود لوگ زر تلافی کی خاطر کوئی کیس اس لیے نہیں کرتے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس کیس میں فیصلہ آنے میں مزید 30 برس لگ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا، ''مغربی اور یورپی ممالک میں جج فیصلہ سناتے ہی یہ بھی لکھتے ہیں کہ اگر کیس غلط ہے تو ریاست معاوضہ ادا کرے۔ مہذب معاشروں میں ایسا ہی ہوتا ہے لیکن ہمارے ہاں ایسا نہیں ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کی زندگیوں کے جیلوں میں تباہ ہو جانے سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کے خلاف مقدمات کی سماعت تیز رفتار ہو۔ ''ہم مغربی ملکوں کی مثال سامنے رکھ سکتے ہیں۔ انگلینڈ میں کوئی کیس درج ہونے کے فوراﹰ بعد ہی مقدمہ شروع کرنے کی تاریخ دے دی جاتی ہے اور سماعت شروع ہونے کے بعد ایک ہفتے کے اندر اندر فیصلہ ہو جاتا ہے۔ لیکن بھارتی عدالتوں میں تو تاریخ پر تاریخ ملتی ہے۔ یہ مذاق بن گیا ہے۔ اس میں سرکار ی وکیل، وکیل صفائی اور جج سب شامل ہیں۔‘‘

روی نائر کا کہنا ہے کہ اس کے لیے صرف حکومت کو ہی قصور وار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ اس بارے میں سماج کے اندر سے بھی کوئی مؤثر آواز بلند نہیں ہو رہی۔

Indien: Vier Männer wegen Vergewaltigung einer Studentin hingerichtet
تصویر: Getty Images/AFP/M. Sharma

پولیس کے خلاف بھی کارروائی ہو

انسانی حقوق کے اس سرکردہ کارکن کے خیال میں جب کوئی کیس غلط ثابت ہو جائے، تو پولیس کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہونا چاہیے، ''جو بدنیتی سے کسی بھی بے گناہ شخص کو جیل میں ڈال دیتی ہے اور اس کے خلاف ٹاڈا اور یو اے پی اے جیسے سیاہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیتی ہے۔‘‘

روی نائر نے اس صورت حال میں تبدیلی کے لیے پولیس کے محکمے میں اصلاحات پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''پولیس میں اصلاحات صرف پولیس کی یونیفارم تبدیل کرنے سے نہیں کی جا سکتیں۔ اس کے لیے ریاست اور حکومت کو مضبوط قوت ارادی کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور سماجی اور غیر سرکاری تنظیموں کو بھی پوری شدت سے اپنی کوششیں کرنا ہوں گی۔‘‘

جاوید اختر، نئی دہلی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں