1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کے سفر پر نکلا ہوا چینی اپنی بیوی ہائی وے پر بھول گیا

مقبول ملک28 جولائی 2016

دنیا کی سیر پر نکلا ایک چینی سیاح اپنی بیوی ایک جرمن ہائی وے پر بھول گیا، جسے بعد ازاں پولیس کی مدد سے کافی فاصلے پر ایک دوسرے شہر کے قریب اس کے شوہر تک پہنچایا گیا۔ اس سے قبل یہ خاتون کئی کلومیٹر پیدل ہی چلتی رہی تھی۔

https://p.dw.com/p/1JXTD
Rasthof Aichen
تصویر: picture-alliance/dpa

شمالی جرمنی کے ایک چھوٹے سے شہر ڈیلمن ہورسٹ سے نیوز ایجنسی اے ایف پی کی جمعرات اٹھائیس جولائی کو ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس چینی جوڑے نے ایک وین میں اپنا سیاحتی سفر اپنے ملک کے دارالحکومت بیجنگ سے شروع کیا تھا۔

دنیا کی سیر پر نکلے ان چینی سیاحوں نے جرمن صوبے لوئر سیکسنی سے گزرتے ہوئے ایک ہائی وے پر سفر کے دوران کچھ دیر کے لیے وقفے کا فیصلہ کیا۔ لیکن کچھ دیر آرام کے بعد یہ چینی سیاح جب وہاں سے رخصت ہوا تو اپنی بیوی کو سرے سے بھول ہی گیا۔ اسے یہ احساس ہی نہ ہوا کہ جو بیوی چین سے جرمنی تک اس کے ساتھ تھی، اسی کو وہ ہائی وے کے ریسٹنگ ایریا میں پیچھے چھوڑ گیا تھا۔

اس خاتون کی عمر 63 برس بتائی گئی ہے اور اسے صرف چینی زبان آتی ہے۔ منگل چھبیس جولائی کی سہ پہر پیش آنے والے اس واقعے کے بعد خاتون نے ہائی وے پر پیدل ہی چلنا شروع کر دیا تھا اور اس دوران اس نے کئی کلومیٹر کا فاصلہ بھی طے کر لیا تھا۔

پولیس کو اس واقعے کی اطلاع ہائی وے پر سفر کرنے والے کئی ڈرائیوروں نے دی جو خود بھی پریشان ہو گئے تھے۔ آج جمعرات کو ڈیلمن ہورسٹ کی پولیس نے بتایا کہ شروع میں پولیس اہلکاروں کو اس چینی خاتون کے ساتھ بات چیت میں بہت مشکل پیش آئی۔

Stuttgart Daimler LKW Test mit selbstfahrenden Lkw
تصویر: Reuters/M. Rehle

پھر کئی مرتبہ کی ناکام کوشش کے بعد پولیس خاتون کے شوہر سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو ہی گئی۔ ’’شوہر شرمندہ تھا، وہ اپنی گاڑی میں واپس لوٹا اور آہل ہورن شہر میں ہائی وے پولیس نے اس کی بیوی اس کے حوالے کر دی۔‘‘

پولیس کو ابھی تک یہ پتہ نہیں چلا کہ یہ 66 سالہ چینی سیاح اپنی بیوی کو ہائی وے کے ریسٹنگ ایریا میں بھول کیسے گیا تھا؟ تاہم دوبارہ مل جانے پر اس جوڑے نے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کچھ دیر بعد اپنی اگلی منزل کی طرف روانہ ہو گیا۔

پولیس کے مطابق اس چینی جوڑے نے اس واقعے کے باوجود اپنے سفر کا مزہ خراب نہیں ہونے دیا اور سفر جاری رکھنے سے پہلے اس واقعے کو اپنے لیے تصویری طور پر ریکارڈ بھی کر لیا۔ ’’جب یہ چینی جوڑا رخصت ہوا تو اس کے زاد راہ میں اس چینی میاں بیوی کی ہائی وے پولیس اہلکاروں کے ساتھ اتاری گئی ایک یادگاری فوٹو کا اضافہ ہو چکا تھا، اور مستقبل میں سنانے کے لیے ایک دلچسپ کہانی وجود میں آ چکی تھی۔‘‘