دنیا کے وہ شہر جن کی سیر کو آئندہ برس ضرور جانا چاہیے
دنیا کی سب سے بڑی ٹریول گائیڈ کمپنی ’لونلی پلینٹ‘ نے ایسے بین الاقوامی شہروں کی ایک فہرست ترتیب دی ہے جو سن دو ہزار اٹھارہ میں سیاحوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہونے چاہییں۔ یہ شہر کون سے ہیں، ان تصاویر میں ملاحظہ کیجیے۔
اسپین کا شہر سیبِیا
’لونلی پلینٹ‘ کے ٹریول ماہرین اسپین کے شہر سیبیا کو آئندہ برس سیاحت کے قابل شہروں کی فہرست میں اولین نمبر پر رکھتے ہیں۔ اس جمالیاتی شہر کو ٹی وی سیریز ’گیمز آف تھرون‘ کے ذریعے زبردست پہچان ملی۔ ’گیمز آف تھرون‘ کے متعدد سین یہیں فلمائے گئے تھے۔
امریکا میں ڈیٹروئٹ
کئی عشروں تک نظرانداز کیا جانے والا امریکا کا موٹر سٹی ’ ڈیٹروئٹ‘ ایک بار پھر سیاحوں کی دلچسپی کا باعث بن رہا ہے۔ سیاحوں نے یہاں کا رخ اس وقت دوبارہ کرنا شروع کیا جب یہاں خالی پڑی بڑی بڑی ویران عمارتوں کو شراب کشید کرنے کے کارخانوں، فوٹو گیلریوں اور موٹر سائیکل کی دکانوں میں تبدیل کر دیا گیا۔
آسٹریلیا میں کینبرا
کہا جاتا ہے کہ جب تک آپ کینبرا کی سیر نہیں کرتے، آسٹریلیا کی روح سے واقف نہیں ہو سکتے۔ کینبرا کی نیشنل گیلری، نیشنل،لائبریری اور آسٹریلین جنگ کی یادگار کے مقام پر تلاش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔
جرمنی میں ہیمبرگ
یہ صرف ’ایلب فل ہارمونی کانسرٹ ہال‘ ہی نہیں جو جرمنی کے بندرگاہی شہر ہیمبرگ کو قابل دید بناتا ہے۔ ٹریول گائیڈ لونلی پلینٹ کا کہنا ہے کہ ہیمبرگ کی کشادہ نظری اور ’نائٹ لائف‘ یورپ بھر میں بہترین مانی جاتی ہے۔
تائیوانی شہر کاؤشیونگ
’لونلی پلینٹ‘ کے پہلے قابل سیاحت دس شہروں کی فہرست میں ایشیا سے صرف ایک ہی شہر کا انتخاب کیا گیا ہے اور وہ تائیوان کا دوسرا بڑا شہر کاؤشیونگ ہے۔ یہ بندرگاہی شہر روایتی مندروں، ہوا دار ریستورانوں، وسیع و عریض سڑکوں اور ثقافتی مقامات سے مزین ہے۔
بلجیم کا شہر اینٹورپ
اینٹورپ کبھی یورپ کا سب سے بڑا شہر ہوا کرتا تھا۔ کلاسیکی خوبصورتی اور جدیدیت کے امتزاج سے رچا بسا یہ شہر بلا شبہ ’لونلی پلینٹ‘ کے پہلے دس قابل دید شہروں میں شامل ہے۔ یہاں کا فن تعمیر اور مصوری دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
اٹلی میں ماتیرا شہر
شہر کے نیچے نو سو برس قدیمی غاروں، گرجا گھروں اور خانقاہوں کی بھول بھلیاں اس شہر کو ہر لحاظ سے آئندہ برس دیکھے جانے والے پہلے دس شہروں کی فہرست میں شامل کرتی ہے۔ ماتیرا دنیا کا سب سے قدیمی زندہ شہر ہے۔
پورتوریکو کا شہر سان ہوان
سان ہوان وہ شہر ہے جہاں قدیم اور جدید کا خوبصورت امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہاں شہر کا نوآبادیاتی ماضی جدید شہریت میں بہت خوب صورتی سے ضم ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
ناروے کا اوسلو شہر
ناروے کا دارلحکومت اوسلو یورپ کے اُن پانچ شہروں میں شامل ہے جنہیں ٹاپ ٹین کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔ سن دو ہزار اٹھارہ یہاں مختلف تقریبات سے بھرپور سال ہو گا۔ یہ تقریبات ناروے کے عوام کے محبوب بادشاہ اور ملکہ کی شادی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر منعقد کی جائیں گی۔
میکسیکو میں گوانا ہواتو
خوبصورت گرجا گھروں اور چوکور طرز کے رنگا رنگ گھروں سے میکسیکو کا یہ پر جمال شہر سیاحت کے شائقین کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ انسانی ہاتھ سے تراشی ہوئی اور فطری خوبصورتی نے مل کر نئی فلم ’کو کو‘ کے پروڈیوسرز کو یہاں فلم بندی کے لیے مجبور کیا ہے۔