1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دھماکے میں گدھے کا استعمال

23 اکتوبر 2008

افغان پولیس حکام کے مطابق دھاکہ خیز مواد سے لیس ایک گدھے کو جنوبی افغانستان میں ایک پولیس گاڑی کے نزدیک ریموٹ کنٹرول سے اُڑادیا گیا۔

https://p.dw.com/p/FfMC
تصویر: AP

اس واقعہ کے نتیجے میں پولیس کا ایک اہلکار ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ نشانہ بننے والی پولیس گاڑی کے ٹکڑے ہوا میں دور دور تک بکھر گئے۔ یہ واقعہ افغانستان کے جنوبی شہر قندہار میں پیش آیا جسے عسکریت پسند گروپ طالبان کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔

قندہار صوبے کے پولیس سربراہ نے اپنے ایک اہلکار کے ہلاک اور دیگر تین کے زخمی ہوجانے کی تصدیق کردی ہے۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد واقعے کے ایک عینی شاہد، خبر رساں ادارے اے ایف پی کے رپورٹر نے کہا کہ دھماکے میں جس جانور کا استعمال کیا گیا اُس کے اعضاء دور دور تک بکھر گئے۔

پولیس کے مطابق مشتبہ طالبان عسکریت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے لیس گدھے کو ایک کھمبےکے ساتھ باندھ دیا تھا اور جوں ہی پولیس کی گاڑی کھمبے کے نزدیک پہنچی تو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کیا گیا۔ پولیس نے اس حملے کے سلسلے میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔