1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہلی فسادات: ہلاکتیں تیس سے زائد، حالات اب بھی کشیدہ

27 فروری 2020

بھارتی دارالحکومت دہلی میں مجموعی حالات اب بھی کشیدہ ہیں۔ پرتشدد فسادات سے متاثرہ علاقوں میں چوتھے روز بھی دوران شب آگ لگانے اور جھڑپیں جاری رہیں۔

https://p.dw.com/p/3YUkS
Indien Neu Delhi | Protest gegen Staatsbürgerschaftsgesetz
تصویر: DW/S. Kumar

بھارتی دارالحکومت دہلی میں جاری فرقہ وارانہ فسادات میں ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ طبی حکام نے اب تک 32 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ دو سو سے زائد زخمی اب بھی ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ان میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ بدھ 26 فروری کی درمیانی شب شمال مشرقی دہلی کے بھجن پورہ، موج پور اور کراول نگر جیسے علاقوں میں آگ لگانے، پتھراؤ اور جھڑپوں کی تازہ وارادت ہوئی ہیں۔

قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوال نے امن امان کی اپیل کے ساتھ انہی علاقوں کا دورہ کیا تھا اورعوام کو یقین دہانی کروائی تھی کہ حکومت کسی بھی صورت میں اس پر قابو پا کر رہے گی۔ تاہم ان کے دورے کے بعد ہی تشدد کے تازہ واقعات پر سبھی کو گہری تشویش ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب حالات کنٹرول میں ہیں اس نے تشدد کے سلسلے میں اب تک 18 مقدمات درج کیے ہیں اور تقریبا سو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

Indien Neu Delhi | Protest gegen Staatsbürgerschaftsgesetz
چار روزہ فسادات میں عام لوگوں کی املاک اور دوسری اشیا کو آگ لگانے کا سلسلہ جاری رہاتصویر: DW/S. Kumar

جن بتیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اس میں 30 اموات گرو تیغ بہادر اسپتال میں ہوئیں جبکہ دو افراد کی موت لوک نائیک جے پرکاش نارائن اسپتال میں ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں بیشتر نوجوان ہیں لیکن اس میں خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔  بدھ کے روز وزیراعظم نریندر مودی  اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال نے عوام سے امن و امان قائم کرنے کی اپیل کی تھی۔

ادھر کانگریس پارٹی نے دلی میں ہونے والے فسادات کے لیے حکومت پر سخت نکتہ چینی کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے دانستہ طور پر فسادیوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جس کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے۔ پارٹی نے آج اس سلسلے میں صدر سے ملاقات کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

Indien Neu Delhi | Protest gegen Staatsbürgerschaftsgesetz
فساد زدہ علاقوں میں اضافی پولیس کے دستے تعینات کیے گئے ہیںتصویر: DW/S. Kumar

 ان فسادات کے حوالے سے دہلی کی پولیس پر بھی شدید نکتہ چینی ہورہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس نے اگر وقت پر کارروائی کی ہوتی تو اسے مزید پھیلنے سے روکا جا سکتا تھا۔ گزشتہ روز جب قومی سلامتی کے مشیر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے لوگوں سے ملاقات کی تو بیشتر افراد یہی شکایت کرتے ملے کہ پولیس نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔

شمال مشرقی دلی میں بھجن پورہ، جعفرآباد، سیلم پور، کراول نگر، موج پو، چاند باغ اور دیال پور جیسے علاقے تشدد سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ میڈیا میں اس طرح کی بھی خبریں شائع ہوئی ہیں کہ ان  فسادات کے دوران مسلمانوں کی دوکانوں اور مکانات کو چن چن کر نشانہ بنایا گيا ہے اور اس دوران پولیس لاتعلق رہی۔

ص ز/ ج ا (نیوز ایجنسیاں)

شہریت ترمیمی بِل کے خلاف احتجاج اور انقلابی شعراء کی شاعری