دہلی: پرتشدد مظاہروں میں سات ہلاک درجنوں زخمی
25 فروری 2020بھارتی دارالحکومت دہلی میں تشدد پر قابو پانے کے لیے وزیر داخلہ امیت شاہ نے وزیر اعلٰی اروند کیجری وال اور گورنر سے ملاقات کی ہے۔ اتوار کے روز شروع ہونے والا تشدد کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس میں ایک پولیس کانسٹیبل سمیت اب تک سات عام شہری ہلاک اور تقریباً 100 زخمی ہوئے ہیں۔ لیکن حکام نے متاثرین سے متعلق تفصیلات نہیں جاری کی ہیں۔ درجنوں زخمی اب بھی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
شہریت سے متعلق نئے قانون کی مخالفت کے لیے دلی کے مختلف علاقوں میں دھرنے دیے جارہے ہیں اور اسی کی مخالفت کے لیے حکمراں جماعت بی جے پی نے اس کی حمایت میں انہی علاقوں میں مظاہرے شروع کیے جہاں پہلے سے دھرنے جاری تھے۔ تشدد کی ابتدا یہیں سے ہوئی جو اب دو برادریوں کے درمیان تصادم کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ یہ سب ایک ایسے وقت شروع ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کے دورے پر ہیں۔
شمال مشرقی دلی میں بھجن پورہ، جعفرآباد، کراول نگر، موج پو، چاند باغ اور دیال پور جیسے علاقے تشدد سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں ایک خاص فرقے کی آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بلوائیوں نے مکانات، گاڑیوں اور دکانوں کو آگ لگانے کے ساتھ ساتھ مار پیٹ کی۔ ان علاقوں میں امتناعی احکامات نافذ کیے گے ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ چونکہ پولیس کو اعلٰی حکام کی جانب سے وقت پر احکامات نہیں مل پارہے تھے اس لیے وہ مناسب کارروائی کرنے میں ناکام رہی اور تشدد اس پیمانے پر پھیل گیا۔ لیکن دلی میں اقلیتی کیمشن کے چیئرمین ظفرالاسلام خان کا کہنا ہے کہ یہ فسادات ایک منصوبہ بند سازش کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت میں کہا، "بی جے پی شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف جاری مہم کی مخالف ہے اور اسے بند کروانا چاہتی ہے۔ اس کے رہنماؤں نےاس تحریک کو کچلنے کے لیے یہ سب شروع کیا ہے تاکہ حکومت کو تشدد کے نام پر مظاہروں پر پابندی لگانے کا بہانہ مل جائے۔"
مسٹر خان کا کہنا ہے کہ ان واقعات میں ان محلوں اور بستیوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں مسلمانوں کی آبادی زیادہ ہے اور دانستہ طور پر ان کی املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔، " یہ بغیر منصوبے کے کیسے ممکن ہے۔"
سینیئر ریٹائرڈ پولیس افسر وکرم سنگھ کہتے ہیں کہ دلی جیسے شہر میں اس پیمانے پر تشدد کا تین روز تک جاری رہنا بڑے افسوس اور تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے اس کے لیے پولیس کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ وہ اپنے فرائض پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ڈی ڈبلیو سے بات چیت میں انہوں نے کہا، "پولیس جو اقدامات کرنا چاہتی تھی وہ نہیں کر سکی، خاص طور پر جن افراد نے تشدد کے لیے اشتعال انگیز زبان استعمال کی ان کے خلاف اگر پہلے ہی کارروائی کی جاتی تو حالات یہاں تک نہیں پہنچتے۔ اب پولیس کو اسے ختم کرنے کے لیے وہی کرنا پڑے گا جسے کرنے کے لیے اب تک وہ ہچکچاتی رہی ہے۔"
گزشتہ اتوار کو دہلی کے ایک مقامی بی جے پی کے رہنما کپل مشرا نے شہریت قانون کی حمایت میں ایک مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر پولیس نے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے والوں کے دھرنے کو تین روز کے اندر ختم نہیں کیا تو اسے برداشت نہیں کیا جائےگا اورپھر پولیس کی بھی نہیں سنی جائے گی۔ اسی روز سے دلی میں دونوں گرہوں کے درمیان تشدد جاری ہے۔
ص ز/ ک م/ ایجنسیاں