ذیابیطس: آدھی گولی مدافعت کا بہترین علاج
5 جون 2010بین الاقوامی ادویات ساز ادارے گلیکسو سمتھ کلائن کے محققین کو یقین ہے کہ شوگر یا ذیابیطس مرض کے لئے تجویز کردہ دوا کی قلیل مقدار یا صرف آدھی گولی کا استعمال صحت مند افراد کے لئے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ محققین کے خیال میں زیادہ وزن، موٹاپے اور معدے کی عوارض میں مبتلا افراد کو اس انداز میں دوا کے استعمال سے فائدہ یقینی ہے۔
دوا ساز ادارے کے ریسرچرز کا خیال ہے کہ اس طرح فالتو شکر کا بدن سے خارج ہونا انسانی صحت کے لئے بہتر اور مناسب ہو سکتا ہے۔ لیکن اس حوالے سے ہر فرد کے لئے ذاتی معالج کی رائے لینا بھی ضروری خیال کیا گیا ہے۔ ویسے بھی کوئی دوا بغیر معالج کی ہدایت کے استعمال کرنا مناسب نہیں ہوتا۔
اس مناسبت سے کی گئی حالیہ ریسرچ کینیڈا کے شہر ٹورانٹو کے یونیوررسٹی ہسپتال ماؤنٹ سینائی میں کی گئی ہے۔ ریسرچ کے نگران ڈاکٹر برنارڈ زینمان تھے۔ اس تحقیق میں گلیکسو سمتھ کلائن کی ایک دوا کو خاص طور پر استعمال کیا گیا جس میں میٹفارمن (Metformin) نامی مرکب شامل تھا۔ یہ شوگر یا ذیا بیطس کی پرانی دوا تصور کی جاتی ہے۔ اس نئی تحقیق میں آدھی گولی کے استعمال کے کئی افراد پر انتہائی مثبت نتائج مرتب ہوئے۔ ڈاکٹر برنارڈ زینمان نے نتائج کو مفید اور حوصلہ افزاء قرار دیا ہے۔ ریسرچ کے لئے دو سو سے زائد افراد کو منتخب کیا گیا تھا۔
امریکہ کی جنوبی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے مشہور طبی محقق ڈاکٹر تھامس بخانن کا بھی خیال ہے کہ اختراعی ادویات کا استعمال یقینی طور پر کئی بیماریوں کو روکنے کا سبب بن سکتا ہے۔ بخانن بھی کینیڈین ڈاکٹر برنارڈ زینمان کی ریسرچ پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے۔
گلیکسو سمتھ کلائن کی ریسرچ میں شامل کی جانے والی دوا کے خلاف امریکی عدالت میں مقدمہ بھی جاری ہے کہ یہ دل کے اٹیک کا سبب بن سکتی ہے۔ اس مناسبت سے دوا ساز ادارے نے تازہ اعداد وشمار کوعدالت میں پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ دوسری جانب دوا اور خوراک کی نگرانی کرنے والے وفاقی امریکی ادارے نے بھی تازہ ڈیٹا کو منظور کرتے ہوئے اس پر غوروخوص کا عمل شروع کردیا ہے۔
ذیابیطس سے بچاؤ کا سب سے آسان ذریعہ تو ورزش کا باقاعدہ کرنا بتایا جاتا ہے لیکن اس پر مسلسل عمل پیرا ہونا مشکل محسوس کیا جاتا ہے۔ ایسے میں ڈاکٹر برنارڈ زینامن کی ریسرچ مسلسل بیٹھ کر کام کرنے والوں کے لئے مفید خیال کی جا رہی ہے۔ دنیا بھر میں اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد کا اندازہ کروڑوں میں ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شادی خان سیف