1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راکٹ حملے کا ’طاقت کے ساتھ‘ جواب دیا جائے گا، نیتن یاہو

25 مارچ 2019

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ سے اسرائیلی علاقے میں راکٹ حملے کا انتہائی سخت جواب دیا جائے گا۔ اس راکٹ حملے میں کم از کم سات اسرائیلی شہری زخمی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3FbSK
Israel Haus von Rakete getroffen (Reuters/Y. Sagi)

فلسطینی علاقے غزہ سے داغے گئے ایک راکٹ کی زد میں آ  کر کم از کم سات اسرائیلی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ راکٹ حملہ اسرائیل میں ہونے والے انتخابات سے محض دو ہفتے قبل ہوا ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ راکٹ اسرائیلی شہر تل ابیب کے شمال میں واقع مِشمیرٹ نامی بستی میں گرا جس کے بعد وہاں آگ لگ گئی۔ مشمیرٹ نامی اسرائیلی بستی غزہ پٹی سے 80 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔ غزہ سے اسرائیل کی جانب اکثر راکٹ داغے جاتے ہیں تاہم یہ غیر معمولی بات ہے کہ غزہ سے داغا گیا راکٹ اتنی زیادہ دوری تک پہنچا ہے۔

اسرائیلی ایمرجنسی ادارے کے مطابق اس راکٹ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں جن میں ایک شیر خوار، ایک تین سالہ بچہ اور ایک 12 سالہ لڑکی شامل ہیں۔

Israel Haus von Rakete getroffen (Reuters/Y. Sagi)
مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ راکٹ اسرائیلی شہر تل ابیب کے شمال میں واقع مِشمیرٹ نامی بستی میں گرا جس کے بعد وہاں آگ لگ گئی۔

اس کے علاوہ ایک 60 سالہ اور ایک 30 سالہ خاتون تیز دھار ٹکڑے لگنے سے زخمی ہوئیں جب کہ دیگر افراد کو صدمہ پہنچنے کے سبب انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق یہ راکٹ حماس کے کنٹرول والے غزہ کے ایک ساحلی علاقے سے داغا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے ایک ویڈیو بھی ٹوئیٹر پر جاری کی گئی ہے جو تل ابیب کے شمال مشرقی شہری علاقے کی ہے اور جس میں حملے کے خطرے کے وقت بجنے والے سائرن کی آواز سنی جا سکتی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کا دورہ امریکا مختصر کر کے وطن واپسی کا اعلان

اس راکٹ حملے کے بعد امریکا کے دورے پر گئے ہوئے اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنا امریکی دورہ مختصر کر کے وطن واپس لوٹنے کا اعلان کیا ہے۔ نیتن یاہو نے اپنے بیان میں غزہ سے کیے گئے اس راکٹ حملے کو ایک مجرمانہ فعل قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس کا انتہائی سخت جواب دیا جائے گا۔

Polen Friedens- und Sicherheitskonferenz in Warschau Benjamin Netanjahu
نیتن یاہو نے اپنے بیان میں غزہ سے کیے گئے اس راکٹ حملے کو ایک مجرمانہ فعل قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس کا انتہائی سخت جواب دیا جائے گا۔تصویر: picture-alliance/NurPhoto/M. Wlodarczyk

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے مطابق وہ دورے کو مختصر اس لیے کر رہے ہیں تا کہ وہ وطن پہنچ کر اس بحران کی خود نگرانی کریں۔ نیتن یاہو آج پیر پچیس مارچ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں جس کے بعد وہ وطن واپس لوٹ جائیں گے۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ح (اے پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید