1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی حقوقِ انسانی کی تنظیم نے چیچنیا میں کام معطل کردیا

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: عاطف بلوچ19 جولائی 2009

روس کی حقوقِ انسانی کی تنظیم ’میموریل‘ نے ہفتہ کے رور چیچنیا میں اپنا کام بند کردیا۔ میموریل نے ایسا چند روز قبل اپنی کارکن ناتالیا ایستےمیرووا کے قتل کے بعد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/IsPl
میموریل کی کارکن ناتالیا ایستے میرووا نے چیچنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے کئی رپورٹس تحریر کی تھیںتصویر: AP

میموریل کا کہنا ہے کہ ناتالیا ایستے میرووا کے قتل سے ثابت ہوتا ہے کہ چیچنیا میں ان کے لیے کام کرنا انتہائی خطرناک ہو چکا ہے اور وہ اپنے کارکنوں کی زندگیوں کو داؤ پر نہیں لگا سکتی۔ میموریل تنظیم نے اس بات کا اعلان نہیں کیا کہ وہ چیچنیا میں اپنی سرگرمیاں کتنے عرصے کے لیے بند کر رہی ہے۔

Tschetschenien Ramasan Kadyrow neuer Präsident
روسی حمایت یافتہ چیچن صدر رمضان قدیروفتصویر: AP

میموریل کی ایک سر گرم کارکن ناتالیا ایستے میرووا کو بدھ کے روز چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی سے اغوا کیا گیا تھا جبکہ اغواء شدگان نے انہیں سر اور سینے میں گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاش چیچنیہ کی ہمسایہ روسی جمہوریہ انگوشیتیا کے ایک علاقے میں پھینک دی تھی۔ ناتالیا ایستے میرووا مقتول روسی خاتون صحافی آنا پولیٹکوفسکایا کی قریبی دوست تھیں جو گروزنی میں انسانی حقوق کے لئے سرگرم عمل 'میموریل' نامی گروپ کے لئے ہی کام کرتی تھیں۔

میموریل کے سربراہ اولیگ اورلوف نے ایستے میرووا کے قتل کا الزام روسی حمایت یافتہ چیچن صدر رمضان قدیروف پر عائد کیا ہے۔ جواب میں چیچن رہنما کے وکیل نے میموریل کے سربراہ پر چیچنیا کے صدر کی توہین اور ہتکِ عزّت کی بنیاد پر مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

چیچن صدر کی ویب سائٹ پر ان سے منسوب ایک بیان میں اولیگ اورلوف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اورلوف نہ کوئی جج ہیں نہ استغاثہ جو بغیر کسی ثبوت کہ ان پر ایستے میرووا کے قتل کا الزام عائد کردیں۔ اورلوف کا کہنا ہے کہ وہ جانتے ہیں، اور سبھی جانتے ہیں کہ ایستے میرووا کو رمضان قدیروف نے قتل کروایا ہے۔

Getötete Journalistin Anna Politkovskaya
مقتول روسی خاتون صحافی آنا پولیٹکوفسکایاتصویر: AP

واضح رہے کہ چیچن صدر روسی مقتدر حلقوں کے بہت قریب تصوّر کیے جاتے ہیں اور روس کے مطابق انہوں نے چیچنیا میں استحکام پیدا کیا ہے تاہم انسانی حقوق کی تنظیمیں ان پر نکتہ چیں رہی ہیں اور ان پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتی رہی ہیں۔ میموریل کی کارکن ناتالیا ایستے میرووا اس حوالے سے چیچن صدر کی ناقد رہی ہیں اور انہوں نے چیچنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے کئی رپورٹس بھی تحریر کی تھیں۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں چیچن صدر پر نجی ملیشیا چلانے کا الزام بھی عائد کرتی رہی ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا موقف ہے کہ ناتالیا ایستے میرووا کے قتل کے بعد چیچنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ رپورٹنگ کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ میموریل کے چیچنیا میں اپنی سرگرمیاں بند کرنے سے صورتِ حال مزید خراب ہوئی ہے۔