روسی وزیرِ اعظم کا پارلیمان سے خطاب
20 اپریل 2011د وہزار بارہ کے صدارتی انتخابات سے قبل روسی پارلیمان کریملن سے پوٹن کا یہ آخری سالانہ خطاب ہے۔ ولادمیر پوٹن کو روس کا طاقتور ترین اور سب سے با اثر شخص تصوّر کیا جاتا ہے۔ دو ہزار آٹھ میں پوٹن نے صدر دمتری میدویدیف کو صدر بنوانے میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔ اگلے برس مارچ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے پوٹن نے عندیہ دیا ہے کہ وہ یا تو میدویدیف کو صدر منتخب کروانے میں کردار ادا کریں گے یا پھر وہ خود اس عہدے کے لیے انتخابات میں حصّہ لیں گے۔
قبل ازیں وزیرِ اعظم پوٹن کے ترجمان نے کہا تھا کہ پوٹن پارلیمان میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کریں گے۔
کئی گھنٹوں پر محیط اس پارلیمانی اجلاس میں روسی وزیرِ اعظم پوٹن کے خطاب کا موضوع حکومت کی معاشی کامیابیاں اور اقتصادی ترّقی کے نئے امکانات ہے۔
روسی وزیرِ اعظم نے اسٹیٹ ڈوما سے خطاب میں کہا: ’میں سمجھتا ہوں کہ روس کی معاشی بہتری ہماری اجتماعی کامیابی ہے۔ یہ عالمی اقتصادی بحران کا وقت ہے۔ اس صورتِ حال میں روس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں رہا اور وہ شدید بحرانوں اور خطرات سے خود کو بچانے میں کامیاب رہا‘۔
واضح رہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ روسی حکومت کے لیے فائدے کا سبب بنا ہے۔ اس برس تیل کی قیمتوں میں اٹھائیس فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پوٹن نے اس غیر متوقع منافع کے حوالے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس چالیس بلین ڈالر کے منافع کی روسی حکومت کس طرح سرمایہ کاری کرے گی یہ روسی وزیرِ اعظم پارلیمان کو بتائیں گے۔
پوٹن کے وزیرِ خزانہ ایلیگزائی کُدرن نے اس مناسبت سے بتایا ہے کہ دس بلین ڈالرز کی رقم ریزرو فنڈز کی مد میں جائے گی جب کہ دو بلین ڈالرز کو پرائویٹ ایکیوٹی فنڈ میں استعمال کیا جائے گا۔
روسی وزیرِ اعظم نے امسال روس کی ممکنہ سالانہ اقتصادی ترقّی کی شرح ملکی جی ڈی پی کا چار اعشاریہ دو فیصد بتائی ہے جو کہ ان کے بقول حکومت کی توقعات کے مطابق ہے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: کشور مصطفیٰ