’روس اور انگلینڈ کو یورو چیمپئن شپ سے باہر کیا جا سکتا ہے‘
13 جون 2016یورپی ملکوں کی فٹ بال چیمپئن شپ کے نگران ادارے یُو ای ایف اے (UEFA) نے متنبہ کیا ہے کہ اگر روسی اور انگریز شائقین ہلڑ بازی اور جھگڑوں کو جاری رکھتے ہیں تو انگلینڈ اور روس کی ٹیموں کو اگلے مرحلے سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ جنوبی فرانسیسی شہر مارسے کے ویلوڈروم اسٹیڈیم میں روس اور انگلستان کی ٹیموں کے درمیان گروپ بی کا ایک میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ اس میچ کے بعد شائقین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں شدت پیدا ہوئی تھی۔ فرانسیسی پولیس نے ان جھگڑوں میں شریک ساٹھ سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
اِسی تناظر میں یُو ای ایف اے نے کشیدہ ماحول پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اِسے ناپسندیدہ قرار دیا ہے۔ نگران ادارے نے اِن ہنگاموں کی ذمہ داری روس پر عائد کی ہے کہ اُس کے شائقین نسلی تعصب کے ساتھ ساتھ ہجوم میں انتشار پیدا کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ یورپی فٹ بال فیڈریشن کے مطابق ابتدائی میچوں پر ایسی کشیدگی پائی جا رہی ہے تو بڑے میچوں میں یہ صورت حال قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔ فیڈریشن نے میچوں کے دوران سکیورٹی کی ناقص حکمت عملی پر بھی تنقید کی ہے۔
یورپی فٹ بال کے نگران ادارے کی ایگزیکٹو کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پیدا ہونے پر جن ملکوں کے شائقین ہلڑ بازی میں دوبارہ ملوث پائے گئے تو اُن کی ٹیموں کو اضافی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور اِس میں ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کا بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے فرانسیسی حکام کو مشورہ دیا ہے کہ میچوں کے دوران سکیورٹی کی مجموعی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے۔
فرانسیسی وزارتِ داخلہ کے مطابق کُل 116 افراد سے لڑائی اور مارکٹائی میں ملوث ہونے کے شبے میں پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ ان میں سے 63 کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پوچھ گچھ کے بعد کم از کم تین افراد کو بیدخل کر دینے کے علاوہ پانچ دوسروں کو بیدخل کرتے ہوئے اُن کی فرانس میں دوبارہ داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ فرانس سے بیدخل کبے جانے والوں میں دو روسی بھی شامل ہیں۔
یُو ای ایف اے کا انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جرمن شائقین بھی اسٹریٹ فائٹ میں شامل ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی شہر لیل میں گروپ سی میں جرمنی اور یوکرائن کے میچ کے بعد جرمن شائقین نے بھی یوکرائنی شہریوں کو اشتعال دلا تے ہوئے جھگڑا کرنے کی کوشش کی۔ جرمن پولیس نے اپنے ملک کے پچاس سے زائد شہریوں کی اس جھگڑے میں ملوث ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ دوسری جانب کروشیا کے شائقین کو فرانس کے بعض نوجوان سیاہ ڈریس میں ملبوس ہو کر ہراساں کرنے کی کوشش میں پائے گئے ہیں۔
فرانسیسی سکیورٹی حکام نے پولیس کو یورو چیمپئن شپ کے دوران اسٹیڈیمز کے قرب و جوار میں شراب کی فروخت ممنوع قرار دینے کے خصوصی اختیار دے دیے ہیں۔ پولیس یہ پابندی میچ کے شروع ہونے سے ایک روز قبل بھی عائد کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ سن 1998 میں فرانس میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے بعد یورو چیمپئن شپ کے ہنگاموں کو شدید ترین قرار دیا گیا ہے۔ اِن پرتشدد ہنگاموں میں پینتیس افراد زخمی ہوئے ہیں اور تین کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔