1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیورپ

روس ’عالمی تباہی‘ برپا کرنا چاہتا ہے، زیلنسکی

3 اگست 2023

یوکرینی صدر نے کہا ہےکہ روس نے ازمیل میں ڈینیوب بندرگاہ پر حملہ خوراک کی عالمی منڈیوں کو تباہ کرنے کے ارادے سےکیا۔ اس بندرگاہ نے یوکرین سے باقی دنیا کو اناج کی سپلائی کے لیے ایک اہم متبادل راستے کے طور پر کام کیا۔

https://p.dw.com/p/4UilQ
RSF: Mehr Journalistinnen in 2022 in Gefangenschaft oder getötet
روسی فوج کئی مرتبہ یوکرینی بندرگاہوں کو نشانہ بنا چکی ہےتصویر: BULENT KILIC/AFP/Getty Images

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے الزام لگایا ہے کہ روس نے از میل میں ڈینیوب بندرگاہ پر حملوں کے بعد خوراک کی عالمی منڈیوں میں عدم استحکام پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے ماسکو پر خوراک کی منڈی کے خاتمے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔

زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس نے ازمیل بندرگاہ پر حملہ'عالمی تباہی‘ برپا کرنے کے ارادے سےکیا تھا۔ زیلنسکی نے اپنے شبینہ ویڈیو خطاب میں کہا، "روسی ریاست کے لیے یہ صرف ہماری آزادی اور ہمارے ملک کے خلاف جنگ نہیں ہے۔ ماسکو ایک عالمی تباہی کے لیے جنگ لڑ رہا ہے۔ اپنے پاگل پن میں وہ خوراک کی عالمی منڈیوں کو تباہ کرنا چاہتا ہے، اسے قیمتوں کے بحران کی ضرورت ہے، اسے رسد میں رکاوٹ کی ضرورت ہے۔‘‘

 

بحیرہ اسود کے اناج کے معاہدے کے خاتمے کے بعد از میل کی ڈینیوب بندرگاہ نے یوکرین سے باقی دنیا کو اناج کی سپلائی کی ترسیل کے لیے اہم متبادل راستے کے طور پر کام کیا۔

 یورپی یونین کے اعلیٰ ترین سفارت کار جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ روس دوسرے ممالک کا خود پر 'انحصار' قائم کرنے کے لیے رعایتی اناج کا استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ روس اپنے جغرافیائی سیاسی فائدے کے لیے کمزور ممالک کو سستا اناج فراہم کر رہا ہے۔

 جوزف بوریل نے کہا، ''جب کہ دنیا سپلائی میں خلل ڈالنے اور زیادہ قیمتوں سے نمٹ رہی ہے، روس اب کمزور ممالک سے رعایتی قیمتوں پر اناج کی ترسیل کی دو طرفہ پیشکشوں کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے، اور اس مسئلے کو حل کرنے کا بہانہ کر رہا ہے جو اس نے خود پیدا کیا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ''معاشی کمزوریوں اور عالمی غذائی عدم تحفظ کو بڑھا کر نئے انحصار پیدا کرنے کے لیے جان بوجھ کر خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی یہ ایک مذموم پالیسی ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل  فوڈ سکیورٹی کے موضوع پر آج جمعرات کی  شام ایک خصوصی اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ اس اجلاس کی صدارت امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کریں گے۔

ش ر⁄ ع س ( روئٹرز، ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی)

اناج کی برآمد، یوکرین کا پلان بی کیا ہے؟