1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس، کنسرٹ ہال حملے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی

23 مارچ 2024

روسی دارلحکومت ماسکو کے ایک کنسرٹ ہال پر فائرنگ کے واقعے میں کم از کم ساٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس واقعے میں ایک سو سے زائد زخمی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلامک اسٹیٹ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/4e38D
Russland Moskau 2024 | Schusswaffenangriff Konzertsaal Crocus City Hall
تصویر: Yulia Morozova/REUTERS

ماسکو کے کنسرٹ ہال میں اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے ساٹھ سے زائد افراد کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے ماسکو کے نواح میں ایک بڑے اجتماع کو نشانہ بنایا ہے اور اس کے بعد حملہ آور بحفاظت اپنے مرکز پر واپس پہنچ چکے ہیں۔ سلامتی کے اداروں نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد دو سے پانچ کے درمیان تھی اور وہ کیموفلاج یونیفارمز پہنے ہوئے تھے۔ حملہ آوروں نے فائرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ دستی بم بھی پھینکے۔ اس کے فوری بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔

Russland | Moskau 2024 | Schusswaffenangriff Konzertsaal Crocus City Hall
ماسکو کے کنسرٹ ہال میں اندھا دھند فائرنگ، ساٹھ سے زائد افراد ہلاک، متعدد زخمیتصویر: Mikhail Tereshchenko/TASS/IMAGO

حملے کی مذمت

جرمنی، اقوام متحدہ، یورپی یونین، فرانس، اسپین، اٹلی اور عرب ممالک سمیت کئی دیگر ممالک نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔ امریکی صدارتی دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس حملے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فوری طور پر اس واقعے کا یوکرین کے تنازعے سے کوئی تعلق دکھائی نہیں دیتا۔

یوکرین کی وضاحت

یوکرین  کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ کییف کسی بھی طرح سے اس واقعے میں ملوث نہیں۔ تاہم یوکرین کے خفیہ اداروں نے اسے روسی 'جارحیت‘ کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو کے خصوصی دستے اس حملے کے پیچھے ہیں۔ سابق روسی صدر دیمتری میدویدیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر اس حملے میں کسی بھی طرح یوکرین ملوث ہوا تو اس کے اعلی حکام کو تلاش کر کے دہشت گردوں کی طرح بے رحمی سے برباد کر دیا جائے گا۔

روسی سرحدوں پر ماسکو کے دستوں کو نشانہ بنانے والے یوکرین کے حامی ایک ملیشیا گروپ ''دا فریڈم آف رشیا لیگیون‘‘ نے بھی اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

Russland Moskau 2024 | Schusswaffenangriff Konzertsaal Crocus City Hall
روسی نیشنل گارڈزنے بتایا ہے کہ کنسرٹ ہال کے ارد گرد کے علاقوں میں نگرانی کی جار ہی ہےتصویر: Sergei Vedyashkin/Moscow News Agency/REUTERS

فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم کا بھی استعمال

روسی حکام نے بتایا ہے کہ مسلح افراد ماسکو کے نواح میں واقع کروکس سٹی کنسرٹ ہال پر جمعے کی رات دھاوا بولا اور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے ساٹھ سے زائد افراد کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک سو سے زائد بتائی جاتی ہے۔ روس کی وزارت صحت نے ہلاک و زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چالیس زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

کمیشن کا قیام

روسی صدر کے ترجمان دیمتری پیشکوف نے بتایا کہ صدر ولادیمیر پوٹن کو ہر طرح کی معلومات فوری طور پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دہشت گردانہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اسے ایک خونریز دہشت گردانہ حلمہ قرار دیا۔ ان کے بقول عالمی برادری کو اس گھناؤنے جرم کی مذمت کرنی چاہیے۔

روسی نیشنل گارڈزنے بتایا ہے کہ کنسرٹ ہال کے ارد گرد کے علاقوں میں نگرانی کی جار ہی ہے اور  حملہ میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ع ا / ر ب ( اے ایف پی)