روس کی جانب سے یوکرین پر فضائی حملوں کا نیا سلسلہ شروع
22 اکتوبر 2022روس نے یوکرین کے متعدد شہروں پر نئے سرے سے میزائل حملے شروع کر دیے ہیں، جس کے باعث ہفتے کے روز ملک بھر میں فضائی حملوں کے خلاف 'خطرے کے الارم‘ بجنا شروع ہو گئے ہیں۔ یوکرین کے حکام اور میڈیا کی جانب سے شمال مغربی شہر ریونے اور اوڈیسا سمیت دیگر علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں کے وقت ملکی دارالحکومت کییف میں فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال تھا۔ حکام نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کیں، جن میں مبینہ طور پر ایک یوکرینی لڑاکا طیارے کی جانب سے روسی میزائل کو مار گراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یوکرین کے صدارتی دفتر کے مشیر اولیکسی آریسٹوویچ نے کہا کہ کییف کی طرف فائر کیے گئے پانچ میزائلوں کو یوکرینی دفاعی دفاعی نظام کی مدد سے روک دیا گیا تھا۔کییف کے میئر وٹالی نے بھی دارالحکومت پر روسی حملوں کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا، ''فضائی حملے کا الارم بجا دیے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر لکھا، ''شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ فضائی حملوں سے بچنے کے لیے بنائی گئی پناہ گاہوں میں رہیں۔‘‘
روسی فوج بڑی تیزی سے یوکرین کے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ان کا خاص ہدف یوکرینی پاور اسٹیشن ہیں۔ یوکرینی صدر ولوودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ملک کا تقریباً 40 فیصد توانائی فراہم کرنے والا انفرا سٹرکچر پہلے ہی روسی حملوں کے باعث تباہ ہو چکا ہے۔
یوکرینی حکام نے آج ایک بار پھر ملک کی توانائی اور پانی کی فراہمی میں روکاوٹ کی اطلاع دی ہے۔ روس کے حامی فوجی بلاگرز کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین پر ٹوپولیو۔ ٹو 160 بمبار طیارے کا استعمال کیا جا رہا ہے اور یوکرین کے کئی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان نئے سرے سے ہونے والے حملوں کا آغاز آج صبح نو بجے ہوا۔
حکام نے ایسی ویڈیوز بھی شائع کی ہیں، جن میں روس کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے دیکھے جا سکتے ہیں اور ان کا دعوی ہے کہ یہ آج صبح روس کی جانب سے یوکرین پر کیے گئے حملوں کی ویڈیوز ہیں۔ تاہم جاری کردہ ان ویڈیوز کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ مقامی ذرائع نے یوکرین کے ایسے 12 شہروں اور علاقوں کی فہرست بھی جاری کی ہے، جن پر روس کی جانب سے تازہ ترین حملے کیے گئے ہیں۔
ر ب/ ا ا (ڈی پی اے)