1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’رونالڈو نے چیمپئنز لیگ کا فائنل جیت لیا‘

عابد حسین
4 جون 2017

یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی ریال میڈرڈ نے ایک مرتبہ پھر جیت لی ہے۔ یہ فائنل میچ ہفتہ تین جون کو برطانوی علاقے ویلز کے شہر کارڈیف کے ملینیم اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

https://p.dw.com/p/2e6dj
UEFA Champions League Final  - Juventus v Real Madrid  - Tor Ronaldo
تصویر: Getty Images/AFP/F. Monteforte

ریال میڈرڈ نے فائنل میچ میں اطالوی فٹ بال کلب ژُووینٹس کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہرایا۔ اس طرح چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں ریال میڈرڈ وہ پہلی ٹیم بن گئی ہے، جس نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا ہے۔ ریال میڈرڈ نے چیمئنز لیگ کی ٹرافی سن 2016 میں ہسپانوی کلب ایٹلیٹکو میڈرڈ کو اطالوی شہر میلان میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں شکست دے کر حاصل کی تھی۔

ہفتہ تین جون کو اسپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ نے بارہویں مرتبہ چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ جیتا۔ رواں برس فٹ بال کا بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے کرسٹیانو رونالڈو نے بیسویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس سبقت کو ژووینٹس کے کروشیائی فٹ بالر ماریو منزوکِچ نے سات منٹ بعد گول کر کے برابر کر دیا۔ فائنل میچ کا پہلا ہاف ایک ایک گول سے برابر رہا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں ریال میڈرڈ کے تابڑتوڑ حملوں کا سامنا اطالوی ٹیم نہ کر سکی اور اُس کے دفاع میں پیدا ہونے والی دراڑوں سے ہسپانوی کلب نے تین گول حاصل کیے۔ دوسری ہاف میں ریال میڈرڈ کے جو تین گول ہوئے، اُن میں رونالڈو نے ایک اور مرتبہ گیند گول پوسٹ میں پہنچانے میں کامیابی حاصل کی۔

Champions League Final Platz in Turin nach Massenpanik bei Public Viewing
تورین میں چیمپئنز لیگ کا فائنل دیکھنے کے لیے جمع ہجوم میں بم کی موجودگی کی افواہ سے بھگدڑ مچ گئیتصویر: Picture alliance/dpa/A. Di Marco/ANSA

میچ ختم ہونے کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اب یہ نہیں کہا جا سکے گا کہ رونالڈو بڑے میچ کا کھلاڑی نہیں ہے اور اس فائنل میں اُس کی شاندار کارکردگی نے سب ناقدین کو خاموش کر دیا ہے۔ دوسری جانب میچ کے ختم ہونے کے بعد پرتگالی کھلاڑی نے اپنی کلب کی جیت کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس میچ میں ایک لڑکے کی طرح کھیل رہے تھے اور اُن کے بدن میں بڑھتی عمر کا کوئی احساس نہیں تھا۔ رونالڈو بتیس برس کے ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب اٹلی کے شہر تورین میں ایک مقام پر چیمپئنز لیگ کا فائنل دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے ایک ہجوم میں بم کی موجودگی کی افواہ کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ اس بھگدڑ کی وجہ سے کم از کم ایک ہزار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن میں سے آٹھ افراد شدید زخمی ہیں۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ تورین شہر اٹلی کے فٹ بال کلب ژووینٹس کا گھر ہے۔ اس طرح تورین کے شائقینِ فٹ بال کو بھگدڑ کے علاوہ اپنی ٹیم کی شکست کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا۔