1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رگی کے بھائی کو ایران میں پھانسی

24 مئی 2010

کالعدم عسکری تنظیم جند اللہ کے سربراہ عبد المالک رگی کے بھائی عبد الحامد رگی کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔ انہیں رشتہ داروں کے سامنے سیستان بلوچستان کے شہر زاہدان کی جیل میں تختہ دار پر لٹکا یا گیا۔

https://p.dw.com/p/NVdG
عبد الحامد رگیتصویر: Irna

ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں محکمہ ء انصاف کے اہلکار ابراہیم حامدی نے کہا ہے کہ سلامتی کے بعض خدشات کی وجہ سے اس سزائے موت پر عملدرآمد ان لوگوں کے سامنے کیا گیا۔

ایران کے سرکاری میڈیا پر جاری رپورٹس کے مطابق عبد الحامد نے امریکی معاونت سے ایران میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کا جرم قبول کیا تھا۔

ایرانی حکام کو بڑی تگ و دو کے بعد ڈرامائی انداز سے رواں سال فروری میں جند اللہ کے سربراہ عبد المالک کو گرفتار کرنے میں کامیابی ملی تھی جبکہ سزائے موت پانے والے ان کے بھائی کو گزشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا۔

Anschlag auf Revolutionsgarden in Iran
جند اللہ نے سیستان بلوچستان میں ایرانی انقلابی گارڈز کے پندرہ اہلکاروں سمیت چالیس افراد کی ہلاکت کے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی تھیتصویر: AP

عبد المالک کو پھانسی دینے کے لئے پہلے گزشتہ سال جولائی کا مہینہ منتخب کیا گیا تھا، پھر مزید حقائق کی کھوج کی خاطر معاملہ دسمبر تک ملتوی کیا گیا اور آخر کار اب جاکر اسے پھانسی دے دی گئی۔

جند اللہ نامی تنظیم پر ایران میں متعدد ہلاکت خیز دہشت گردانہ کارروائیوں کے الزامات ہیں۔ ان میں سیستان بلوچستان ہی میں کیا گیا ایک دہشت گردانہ حملہ بھی شامل ہے۔ پاکستانی بلوچستان سے ملحقہ اس علاقے میں کی گئی کارروائی میں پاسداران انقلاب گارڈز کے پندرہ اعلیٰ عہدیداروں سمیت چالیس افراد مارے گئے تھے۔

جند اللہ کا مؤقف ہے کہ وہ سیستان کی بلوچ آبادی کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ تہران حکومت کا اس کے برعکس مؤقف ہے کہ جند اللہ کے سربراہ کی گرفتاری کے بعد سیستان میں تعمیر و ترقی کا سلسلہ تیز ہوا ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں بھی جند اللہ سے وابستگی کے الزام پر تیرہ افراد کو سزائے موت دی گئی تھی۔

Abdolmalek Rigi
جند اللہ کے سربراہ کو رواں سال ڈرامائی انداز سے گرفتار کیا گیا ہےتصویر: tabnak.ir

اس گروہ کو منشیات اور اغوا کاری کے دھندے میں بھی ملوث سمجھا جاتا ہے۔ ایرانیوں کو یقین ہے کہ جند اللہ کو امریکی سرپرستی حاصل ہے۔

ایرانی حکام یہ بھی کہتے ہیں کہ جند اللہ کے جڑیں القاعدہ سے ملتی ہیں اور اسے واشنگٹن کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور پاکستان کی جانب سے ایران کے ان دعوں کو مسترد کیا جاچکا ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف بلوچ