ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں مرنے والوں کے پریشان لواحقین
18 فروری 2011ڈیوس کی گولی سے ہلاک ہونے والے ایک نوجوان فیضان حیدر کے 34 سالہ بھائی عمران حیدر نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اب تک اُن کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کے لیے نہ تو پاکستانی حکومت کا کوئی نمائندہ آیا ہے اور نہ ہی امریکی حکومت کا کوئی عہدیدار۔ عمران حیدر کے مطابق اُنہیں تعاون اور حمایت کی پیشکش جماعت الدعوۃ کی طرف سے ہوئی ہے۔ یہ وہی تنظیم ہے، جسے اقوام متحدہ نے بلیک لِسٹ کر رکھا ہے اور جس پر الزام ہے کہ 2008ء میں ممبئی کے دہشت پسندانہ حملوں کے پیچھے اِسی کا ہاتھ تھا۔
عمران نے جماعت الدعوۃ اور جماعتِ اسلامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ’ان لوگوں نے ہمیں حوصلہ اور مدد دی ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ امریکہ کے خلاف وہ ہمارے ساتھ ہیں کیونکہ جو کچھ غلط ہوا ہے، وہ سارا امریکہ ہی نے کیا ہے۔‘ عمران حیدر نے بتایا کہ وہ اور اُس کے گھر والے اِن مذہبی جماعتوں کی طرف سے منظم کردہ اُن اجتماعات میں شریک ہوئے ہیں، جن میں ڈیوس کے خلاف عدالتی کارروائی کے مطالبات کئے گئے ہیں۔
عمران کا کہنا تھا، ’ڈیوس کوئی سفارت کار نہیں ہے، وہ ایک جاسوس ہے۔ اگر وہ سفارت کار ہے تو حکومت نے اب تک یہ بات کہی کیوں نہیں۔ یہ سارا معاملہ ہی مشکوک ہے۔‘ عمران نے خیال ظاہر کیا کہ تعزیت کے لیے آنے والے اُن چند لوگوں کو یقیناً امریکیوں ہی نے بھیجا ہو گا، جو یہ پوچھتے رہے کہ آیا وہ لوگ قصاص قبول کر لیں گے۔
ڈیوس کی مدد کو آنے والی امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے نوجوان عباد الرحمان کے بھائی اعجاز الرحمان نے بتایا کہ حکام نے اب تک اُنہیں ایسی کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہیں، جن سے پتہ چل سکتا کہ اُن کے بھائی کو کچلنے والی گاڑی کو کون چلا رہا تھا۔
اعجاز الرحمان نے اِس بات کا اعتراف کیا کہ سیاسی گروپ اِس کیس کو اپنے اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں تاہم اُس نے کہا کہ اپنی آواز متعلقہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے اُنہیں بہرحال کوئی پلیٹ فارم تو درکار ہے۔ اعجاز الرحمان کے مطابق، ’ہمیں امریکہ سے کوئی دشمنی نہیں ہے لیکن ہم اُن لوگوں کے چہرے دیکھنا چاہتے ہیں، جو اُس گاڑی میں سوار تھے۔‘
اِسی دوران واشنگٹن سے موصولہ خبروں کے مطابق سرکردہ امریکی سیاسی نمائندوں نے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کروانے کے لیے پاکستان کو امداد کی فراہمی روکنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی سینیٹ کی خارجہ کمیٹی کے حال ہی میں پاکستان سے لوٹنے والے چیئرمین جان کیری نے کہا کہ اِس تنازعے کو حل کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اُمید ہے کہ چند روز کے اندر اندر کوئی بہتر حل نکل آئے گا۔ وہ غالباً سینیٹ میں اپنے اُن ساتھیوں کو پُر سکون کرنا چاہتے تھے، جن کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوتا جا رہا ہے اور جو امریکی شہری ڈیوس کو رہا کروانے کے لیے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی باتیں کر رہے ہیں۔
اُدھر پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے جہاں ایک طرف یہ کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنا عدالت کا کام ہے، وہیں اُنہوں نے اِس معاملے کے اسلامی شرعی قانون قصاص و دیت کے تحت کسی ممکنہ حل کا بھی ذکر کیا، جس کی رُو سے مرنے والے کے اہلِ خانہ قصاص کے بدلے قاتل کو معاف کر سکتے ہیں۔
ایک پاکستانی عدالت نے، جسے ڈیوس کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں فیصلہ دینا ہے، جمعرات کو اپنی کارروائی 14 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی۔ واشنگٹن حکومت کا اصرار ہے کہ ریمنڈ ڈیوس ایک سفارت کار ہے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: عاطف بلوچ