1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابقہ سوویت یونین کے آخری وزیر خارجہ شیوارڈناڈزے کی رحلت

عابد حسین7 جولائی 2014

جورجیا کے سابق صدر اور سابقہ سوویت یونین کے آخری وزیر خارجہ ایڈورڈ شیوارڈناڈزےانتقال کر گئے ہیں۔ اُن کی رحلت کی تصدیق اُن کے پرسنل اسسٹنٹ نے کی ہے۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔

https://p.dw.com/p/1CWso
ایڈورڈ شیوارڈناڈزےتصویر: imago

ایڈورڈ شیوارڈناڈزے سابقہ سوویت یونین کے آخری صدر میخائل گورباچوف کے وزیر خارجہ تھے۔ رحلت کے وقت اُن کی عمر 86 برس تھی۔ مغربی اقوام میں سرد جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے پر انہیں ہیرو کا درجہ دیا جاتا ہے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف عوارض میں مبتلا تھے۔ سابقہ سوویت یونین سے جورجیا کی آزادی کے بعد کے مشکل دور میں وہ منصب صدارت پر فائز رہے۔ ایڈورڈ شیوارڈناڈزے دس برس تک جورجیا کی صدارت پر براجمان رہے۔ جب اُن کے خلاف عوامی تحریک چلی تو اُس وقت جورجیا غربت اور افراتفری کا شکار بھی تھا۔ انہوں نے2003ء میں عوامی دباؤ کے تحت منصب صدارت کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

مبصرین شیوارڈناڈزے کو میخائل گورباچوف کی اصلاحاتی پالیسی پیریسٹوریکا (نئی تشکیل) کا پس پردہ ماہر خیال کرتے ہیں۔ گورباچوف اور شیوارڈناڈزے نے سابقہ سوویت یونین کے لیے اصلاحاتی پالیسی کا پلان کو بحیرہ اسود کے ساحل پر ترتیب دیا تھا۔ گورباچوف اور شیوارڈناڈزے کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات نے اُن کے راستے جدا کر دیے تھے۔ سوویت یونین کی تحلیل کے بعد شیوارڈناڈزے جورجیا واپس لوٹ آئے اور نو آزاد ملک کے صدر بن گئے۔ اُن کے دور میں جورجیا کو بطور ایک ملک، افراتفری سے نکلنے اور مستحکم ہونے کا موقع ملا۔

Flash-Galerie Michail Gorbatschow 80. Geburtstag
سابقہ سوویٹ یونین کے آخری لیڈر میخائل گورباچوفتصویر: AP

سابق امریکی وزیر خارجہ جیمز بیکر کا کہنا ہے کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ شیوارڈناڈزے کے بغیر سرد جنگ کا خاتمہ ممکن بھی تھا۔ جیمیز بیکر کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے مغربی اقوام کی زندگیوں کو تبدیل کر کے رکھ دیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ سن 2000 میں جیمز بیکر نے ایڈورڈ شیوارڈناڈزے کے ساتھ کئی معاملات پر گھنٹوں مذاکرات کیے تھے۔

شیوارڈناڈزے 25 جنوری سن 1928 میں جورجیا کے ایک گاؤں ممتائی میں پیدا ہوئے۔ یہ وہ وقت تھا، جب جوزف اسٹالن سوویت یونین کی مرکزی حکومت پر اپنی گرفت مضبوط سے مضبوط تر کر رہے تھے۔ انہوں نے بیس برس کی عمر میں کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ بعد میں جورجیا کی مقامی حکومت میں ترقی کے زینے طے کرتے ہوئے سن 1968 میں وزیر داخلہ بنا دیے گئے۔ سن 1972 میں انہیں جورجیا کی کمیونسٹ پارٹی کا فرسٹ سیکرٹری بنا دیا گیا۔ سن 1978 میں وہ سابقہ سوویت یونین کے بااختیار ادارے پولٹ بیرور کے رکن بنا دیے گئے۔ سن 1985 میں جب گورباچوف کو کمیونسٹ سوویت یونین کا لیڈر منتخب کر لیا گیا تو ایڈورڈ شیوارڈناڈزے وزیر خارجہ بنا دیے گئے۔