1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابقہ عالمی نمبر ایک ہینین فرنچ اوپن سے آؤٹ

1 جون 2010

بیلجیم کی جیسٹین ہینین، آسٹریلوی کھلاڑی سمانتھا سٹوسور سے شکست کے بعد فرنچ اوپن سے باہر ہو گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/NeJm
جسٹین ہینین فرنچ اوپن میں ایک عرصے بعد پہلا میچ ہاری ہیںتصویر: AP

پیرس کے کورٹ Suzanne Lenglen میں ہونے والے میچ میں اس نوجوان آسٹریلوی کھلاڑی نے ہینن کو دو چھ چھ ایک اور چھ چار سے شکست دی اور کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔

گزشتہ چھ برسوں میں جسٹین ہینن کو پہلی مرتبہ کسی کھلاڑی نے فرنچ اوپن میں شکست دی ہے۔ عالمی نمبر سات سیم سٹوسور نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد ایک مختلف کھیل کھیلتے ہوئے ہاری ہوئی بازی اپنے حق میں پلٹا دی۔

سٹوسور گزشتہ برس فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوئیں تھیں۔ اس بار وہ اس فتح کے بعد کوارٹر فائنل تک پہنچ گئیں ہیں، جہاں ان کا مقابلہ عالمی نمبر ایک امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز سے ہے۔

ہینن نے اس شکست کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہپوئے کہا کہ یقینی طور پر ان کے لئے یہ ایک مایوس کن لمحہ ہے۔ ’’ہارنا کبھی آسان نہیں ہوتا، خصوصی طور پر ایسی صورتحال میں۔ میں کھیل میں مختلف طریقے اپنانے کی کوشش کرتی رہی۔ آج میں اپنا بہترین کھیل پیش نہ کر سکی۔ مگر سمانتھا کورٹ میں تمام مواقع کو بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین کارکردگی کی حامل رہیں۔‘‘

سٹوسور نے اپنی جیت کے بعد کہا کہ یقینی طور پر ان کے لئے یہ ایک بڑی کامیابی ہے تاہم ابھی ایک لمبا راستہ باقی ہے۔

Tennisspiel Kimiko Date Krumm gegen Dinara Safina
اس بار فرنچ اوپن میں کافی اپ سیٹس دیکھنے کو ملے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

’’ابھی میں صرف کوارٹر فائنل تک پہنچی ہوں اور میں عالمی نمبر ایک کے خلاف کھیلنے جا رہی ہوں۔ مگر ظاہر ہے اس جیت سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب میں مزید بہتر انداز سے سیرینا کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوں۔‘‘

26 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی گزشتہ 12 ماہ سے کلے کورٹ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں تاہم ہینن کے خلاف ان کی کامیابی کو فرنچ اوپن کا ایک بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز ہینن نے روسی کھلاڑی شاراپوا کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا جبکہ ایک اور میچ میں وینس ولیمز ایونٹ سے باہر ہو گئیں تھیں۔ دوسری جانب مردوں کے انفرادی مقابلوں میں عالمی نمبر چار برطانوی کھلاڑی اینڈے مرے بھی شکست سے دوچار ہو کر ایونٹ سے آؤٹ ہو گئے تھے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں