1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق جنوبی کوریائی صدر کی گرفتاری کا امکان

27 مارچ 2017

جنوبی کوریا کے دفتر استغاثہ نے آج پیر کو اعلان کیا ہے کہ وہ معزول صدر پارک گُن ہے کو گرفتار کرنا چاہتا ہے۔ اس سلسلے میں استغاثہ احکامات حاصل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے والے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2ZzuA
Südkorea Staatsanwaltschaft befragt Park Geun-hye
تصویر: Getty Images/J. Heon-Kyun

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سیئول سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی کوریا کے دفتر استغاثہ کی جانب سے اس سلسلے میں جو درخواست تیار کی گئی ہے اس کا متن کچھ اس طرح سے ہے، ’’ملزمہ نے اپنی غیر معمولی طاقت اور صدر کے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے مختلف کاروباری اداروں سے یا تو رشوت لی یا کمپنیوں کی آزادی کے حقوق میں مداخلت کی۔ اس کے علاوہ ملزمہ نے اہم سرکاری خفیہ معلومات بھی عام کیں۔‘‘

 پینسٹھ سالہ گُن ہے پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ استغاثہ نے اپنے درخواست میں مزید لکھا ہے، ’’یہ انتہائی نازک معاملہ ہے اور ان کے خلاف کئی شواہد بھی موجود ہیں۔ سابق صدر اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کرتی ہیں۔ تاہم مستقبل میں ثبوتوں کو تلف کرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔‘‘

Südkorea Nach Amtsenthebung von Präsidentin Park ist die Gesellschaft weiter gespalten
تصویر: Reuters/Str

ملک بھر میں کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے عوامی مظاہروں کے بعد پارک گُن ہے کا مواخذہ کرتے ہوئے ملکی پارلیمان نے انہیں دسمبر میں ان کے اختیارات سے محروم کر کے آئینی عدالت کے فیصلے تک کے لیے معطل کر دیا تھا۔ جنوبی کوریا کی آئینی عدالت مارچ میں ہی گن ہے کے خلاف پارلیمانی مواخذے کے عمل کی توثیق کر چکی ہے۔

پارک گن ہے پر یہ الزام بھی ہے کہ اُنہوں نے اپنی ایک قریبی دوست چوئی سُون سِیل کو ریاستی معاملات میں مداخلت کی اجازت اور سرکاری دستاویزات تک رسائی دی۔ چوئی پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور فراڈ کے الزامات میں فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے۔ چوئی آج کل زیر حراست ہیں۔

جنوبی کوریا میں 1987ء سے عہدہ صدارت کی مدت ختم ہونے کے بعد تمام صدور کی تحقیقات کی جاتی رہی ہیں اور ایک صدر نے تو بدعنوانی کے الزامات کے بعد خود کشی بھی کر لی تھی۔ پارک سے پہلے جنوبی کوریا کے تین پیشرو صدور کسی نہ کسی طریقے سے بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں، ان میں  کم ڈائے ینگ ، رو مو ہیون اور لی میونگ بک شامل ہیں۔