1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق ہسپانوی بادشاہ کارلوس ملک سے پراسرار رخصتی کے بعد لاپتا

7 اگست 2020

ایک بڑے کرپشن اسکینڈل کے بعد اسپین کے سابق بادشاہ خوآن کارلوس کی ملک سے پراسرار رخصتی کے چار دن بعد ابھی تک یہ واضح نہیں کہ وہ ہیں کہاں؟ہسپانوی حکومت نے زور دے کر کہا ہے کہ خوآن کارلوس مفرور نہیں ہیں۔

https://p.dw.com/p/3gczM
اسپین کے سابق بادشاہ خوآن کارلوستصویر: Getty Images/D. Perez

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ سے جمعہ سات اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس یورپی ملک میں گزشتہ چار دنوں سے اس بارے میں شدید قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ سابق بادشاہ کارلوس ملک سے روانگی کے بعد آخر گئے کہاں ہیں۔

اخبار اے بی سی نے، جسے عام طور پر ہسپانوی شاہی خاندان کے بارے میں انتہائی باخبر سمجھا جاتا ہے، لکھا ہے کہ خوآن کارلوس اس وقت متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں چھپے ہوئے ہیں، جہاں شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں۔

دنیا کے مہنگے ترین ہوٹل میں؟

اس اخبار کے مطابق 81 سالہ سابق بادشاہ اور اسپین کے موجودہ بادشاہ فیلیپے ششم کے والد پیر کے روز شمال مغربی اسپین کے شہر ویگو سے ایک نجی طیارے کے ذریعے ابوظہبی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اس جریدے نے یہ بھی لکھا ہے کہ خوآن کارلوس اس وقت امارات پیلس میں مقیم ہیں، جو دنیا کا مہنگا ترین ہوٹل ہے۔

Preisverleihung "Princesa de Asturias
اسپین کے موجودہ بادشاہ فیلیپے ششم اور ملکہ لیٹیسیاتصویر: picture-alliance/abaca/A. Andrews

قبل ازیں اسی اخبار اور دیگر میڈیا اداروں نے یہ بھی بتایا تھا کہ اسپین کے یہ سابق بادشاہ ملک سے روانگی کے بعد ڈومینیکن ریپبلک میں پیپے فانخول کے مہمان ہیں، جو چینی کا کاروبار کرنے والے ایک ارب پتی تاجر ہیں۔ ان رپورٹوں کی بعد میں بحیرہ کیریبیین کی اس ریاست کی حکومت نے تردید کر دی تھی۔

سابق بادشاہ کا خط

پیر تین اگست کے روز خوآن کارلوس کا ایک خط بھی شائع ہوا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے بیٹے اور موجودہ بادشاہ فیلیپے ششم کی زندگی آسان بنانے کے لیے ملک سے رخصت ہو رہے ہیں، تاکہ وہ اپنے شاہی فرائض آرام سے انجام دے سکیں اور ان کی ساکھ بھی خراب نہ ہو۔

خوآن کارلوس کو اس وقت اپنے خلاف کرپشن کے ایک بڑے اسکینڈل کا سامنا ہے۔ ماضی میں ان کی اس وجہ سے بہت عزت کی جاتی تھی کہ انہوں نے فاشسٹ دور کے بعد اسپین کی جمہوریت کی طرف واپسی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ میڈرڈ میں ملکی حکومت نے زور دے کر کہا ہے کہ خوآن کارلوس مفرور نہیں ہیں۔

سو ملین ڈالر رشوت لینے کا الزام

خوآن کارلوس کو بدعنوانی کے جس اسکینڈل کا سامنا ہے، اس کے مطابق انہوں نے سعودی عرب میں ایک بہت تیز رفتار ریل گاڑی اور اس سے متعلقہ بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے والے ایک ہسپانوی کنسورشیم سے غیر قانونی طور پر بہت بڑی رقوم حاصل کی تھیں۔ سابق ہسپانوی بادشاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2008ء میں رشوت کے طور پر 100 ملین ڈالر وصول کیے تھے۔

2014ء میں خوآن کارلوس ہسپانوی تخت اپنے بیٹے اور ولی عہد کے حوالے کر کے اپنی شاہی ذمے داریوں سے دستبردار ہو گئے تھے۔ انہوں نے 2008ء میں جب مبینہ طور پر رشوت وصول کی تھی، انہیں بادشاہ ہونے کی وجہ سے تب بھی اپنے خلاف قانونی کارروائی سے تحفظ حاصل تھا۔

ان کے خلاف تخت سے دستبرداری کے بعد کے عرصے کے دوران ممکنہ منی لانڈرنگ کے شبے میں چھان بین ابھی تک جاری ہے۔ اس مبینہ منی لانڈرنگ کا تعلق کرپشن کے اسی اسکینڈل سے ہے۔

م م / ع آ (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں