سالزبرگ کی سیاحت کی دس بنیادی وجودہات
سالزبرگ تنگ گلیوں، کھلے چوکوں اور باروک فن تعمیر کا حامل شہر ہے۔ پس منظر میں پہاڑوں کی موجودگی شہر کی خوبصورتی کو دوچند کرتی ہے۔ یورپ میں موسم گرما کا ایک شاندار میلہ موٹزارٹ کے آبائی شہر سالزبرگ میں بھی منعقد ہوتا ہے۔
سالزبرگ فیسٹیول
ہر موسم گرما میں سالزبرگ کا شہر موسم گرما کے میلے کے دوران شائقین اور کئی مشہور شخصیات کی میزبانی کرتا ہے۔ یہ میلہ بیس جولائی سے تیس اگست تک، تقریباً چالیس ایام تک جاری رہتا ہے۔ اسی ملکوں سے ایک چوتھائی ملین افراد اس شہر کا رخ کرتے ہیں۔
ڈرامے اور غنائیے
سالزبرگ میں موسم گرما کے میلے کا افتتاح کیتھڈرل چوک میں پیش کیے جانے والے ڈرامے’’ژیڈر مان‘‘ یعنی ہر کوئی انسان سے کیا جاتا ہے۔ سن 1917 میں اسی ڈرامے کی اولین پیشکش کے موقع پر اس سالانہ میلے کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ میلے کے دوران کئی مقامات پر ڈرامے اور اوپرا(غنائیے) پیش کیے جاتے ہیں۔
لیجنڈری موزارٹ کی پیدائش کا شہر
وولف گانگ اماڈیوس موزارٹ سالزبرگ شہر کی ایک مشہور گلی گیٹریں گاسے کے مکان نمبر نو میں پیدا ہوئے تھے۔ اب یہ مقام موٹزارٹ کا میوزیم بن چکا ہے۔ اُن کا سن پیدائش 1756 ہے۔ اسی گلی کے کنارے پر ایک اور مکان بھی ہے، جہاں موٹزارٹ نے بالغ ہونے کے بعد رہائش اختیار کی تھی۔ اسی مکان میں رہتے رہتے ایک دن وہ سالزبرگ کو خیرباد کہہ کر ویانا جا بسے تھے۔
گیٹریڈ گاسے: سالزبرگ کی شناخت
سالزبرگ کا دل گیٹریڈ گاسے کو قرار دیا جاتا ہے۔ اس گلی کے کیفے اور ریسٹورانٹس سیاحوں کے من پسند مقامات ہیں۔ اسی گلی میں شہر کی سوغاتیں بھی دستیاب ہیں۔ ان میں موٹزارٹ کوگلن خاص طور پر مشہور ہیں۔ گیند نما چاکلیٹ میں کریم اور سیال بادام بھرے ہوتے ہیں۔
سالزبرگ میں عالمی ورثے کے نشان
آسٹریا کے اس شہر کے قدیمی و تاریخی حصے کو سن 1996 میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے عالمی ثقافتی میراث کا حصہ قرار دیا تھا۔ اس علاقے میں ایک ہزار تاریخی مقامات موجود ہیں۔ ان میں کاپیٹل پلاٹز، ہوہنبرگ فورٹریس خاص طور پر نمایاں ہیں۔
پرتکلف آرائشی باروک فن تعمیر
سالزبرگ کو باروک فن تعمیر کا ایک نمونہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ بعض تاریخی عمارات اسی انداز کی پرتکلف آرائشوں سے آراستہ ہیں۔ اس کے سینٹ پیٹرز ایبی کو اطالوی باروک انداز میں ازسرنو تعمیر کیا گیا تھا۔ اسی تعیمر کی وجہ یورپ کے شمال میں ایک اور ’روم‘ بسانے کی قدیمی حکومتوں کی خواہش تھی۔ سالزبرگ کیتھڈرل بھی انتہائی پرشکوہ عمارت ہے۔
ہیلبرُون محل کے فوارے
ہیلبرُون پیلس کو ہر سال تقریباً تین لاکھ افراد دیکھنے کے لیے جاتے ہیں۔ اس محل کی خاص بات، اس کے وہ خودکار فوارے ہیں، جنہیں پانی ہی سے قوت فراہم کی جاتی ہے۔ اس محل میں ہیلبرُون آلی کے قدیمی درختوں پر چمگادڑوں اور جھینگروں کے ڈیرے بھی منفرد ہیں۔
سالزبرگ کی رومان پرور شادیاں
موسم گرما کے کئی ویک اینڈز پر کئی محبت کرنے والے جوڑے اپنی شادی کی سرکاری رسومات کی ادائیگی کے لیے سالزبرگ میں واقع میرابیل پیلس پہنچتے ہیں۔ یہ رومانی روایت کا حامل محل پرنس آرچ بشپ وولف ڈیٹرش نے سن 1606 میں تعمیر کروایا تھا۔
سالزبرگ کی پہاڑیوں کا دامن
یہ شہر تین پہاڑوں کے قدموں میں آباد ہے۔ ایک بلند پہاڑی کے دامن میں جدید میوزیم تعمیر کیا گیا ہے۔ اس عجائب گھر کی جدید طرز تعمیر کی حامل عمارت شہر کے باروک طرز تعمیر میں جدا دکھائی دیتی ہے۔ یہ عجائب گھر آسٹریا کی جدید گرافک اور تصاویر سے متعلق ہے۔
سالزبرگ ایئرپورٹ پر تفریح
سن 2003 سے سالزبرگ کا ہوائی اڈہ عام و خاص کی تفریح کا بھی بڑا مرکز بن چکا ہے۔ آسٹریا کے ارب پتی ڈیٹرش ماٹس شٹز اس پراجیکٹ میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں اور اس کی ترقی میں سرمایہ لگانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ اس ہوائی تفریحی سلسلے میں لذیذ خوراک کے آؤٹ لیٹس اور دوسری کئی دلچسپیاں بھی موجود ہیں۔ ہینگر سیون پر تاریخی ہوائی جہاز کھڑے ہیں اور ایک اوپرا ہاؤس بھی ہے۔
الیکٹرک لَو فیسٹول
سالزبرگ شہر صرف مغربی کلاسیکی موسیقی کی روایت کا امین نہیں ہے۔ اس شہر میں موسیقی اور ڈانس نے بھی شائقین کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ خاص طور پر اس کا الیکٹرک لَو فیسٹول اپنی مثال آپ ہے۔ جولائی کے پہلے ہفتے میں اس کا انعقاد سن 2013 سے باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔ اس فیسٹول میں 120 سے زائد ڈی جیز اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔