1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2020ء کی مس جرمنی، 35 سالہ لیونی فان ہیسے

16 فروری 2020

لیونی فان ہیسے کو سالانہ مقابلہٴ حسن میں مس جرمنی منتخب کیا گیا ہے۔ رواں برس مس جرمنی کے انتخاب کے لیے مقرر جیوری میں کوئی مرد شامل نہیں تھا۔

https://p.dw.com/p/3Xqwq
Deutschland | Leonie Charlotte von Hase | Miss Germany 2020
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Seeger

رواں برس کے لیے مس جرمنی کے مقابلہٴ حسن کا تاج نمیبیا میں پیدا ہونے والی لیونی فان ہیسے کے سر پر سجایا گیا ہے۔ ان کو یہ اس مقابلے میں خاص طور پر لارا رونارسن اور اناستاسیا مالیس کے سخت چیلنج کا سامنا تھا۔ اس مقابلے میں کُل پندرہ نوجوان جرمن حسینائیں آخری مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

مقابلہ حسن جیتنے والی لیونی فان ہیسے پینتیس برس کی ہیں اور مس جرمنی بننے والی رواں برس کی تمام لڑکیوں میں سب سے بڑی عمر کی حامل ہیں۔ انہوں نے مقابلہٴ حسن میں اپنے مستقبل کا مقصد 'مستند خواتین کو بااختیار بنانا‘ رکھا ہوا تھا۔

مقابلہٴ حسن جیتنے کے بعد لیونی فان ہیسے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور کی عورتیں روایتی حسن کے معیارات سے انحراف کی متمنی ہیں اور ان شکنجوں سے نکلنے کی جد و جہد کر رہی ہیں۔ مس جرمنی نے ایک عورت کے لیے اپنے معیار حسن میں اندرونی قوت، مضبوط کردار اور استقامت کو شامل کیا۔

Deutschland Wahl Miss Germany 2019 Nadine Berneis
گزشتہ برس کی حسینہٴ جرمنی نادین بیرنائیس نے لیونی فان ہیسے کے سر پر مس جرمنی کا تاج سجایاتصویر: picture-alliance/dpa/U. Deck

لیونی فان ہیسے کو مس جرمنی منتخب کرنے کے اعلان کے بعد گزشتہ برس کی حسینہٴ جرمنی نادین بیرنائیس نے ان کے سر پر مس جرمنی کا تاج سجایا۔ نئی مس جرمنی کی تصویر سب سے پہلے معروف جریدے 'جوائے‘ کے سرورق پر شائع کی جائے گی۔ انہیں انعام میں کئی دیگر انعامات کے ساتھ فوکس واگن کی کار 'گولف‘ بھی ملے گی۔

اس مقابلے میں لیونی فان ہیسے کے بعد دوسرا مقام باویریا سے تعلق رکھنے والی حسینہ لارا رونارسون کو حاصل ہوا۔ وہ نائب مس جرمنی قرارا پائیں۔ اس خصوصی تقریب میں کئی نامی گرامی جرمن اور یورپی خواتین شریک تھیں۔

یہ امر اہم ہے کہ رواں برس پہلی مرتبہ شادی شدہ خواتین کو بھی اس مقابلہٴ حسن میں شریک ہونے کا موقع دیا گیا۔ اس طرح اب مائیں بھی مس جرمنی کا تاج حاصل کرنے کی دوڑ شامل ہونے کا پروانہ رکھتی ہیں۔ اس مقابلے میں بکنی کاسٹیوم کو شامل نہیں کیا گیا۔ رواں برس کے مقابلے کے لیے عمر کی حد میں دس برس کا اضافہ بھی کیا گیا۔ سن 2020 کے مس جرمنی کے مقابلے میں شریک خواتین کی عمریں اٹھارہ برس سے انتالیس برس کے درمیان تھیں۔

زلکے ژوہان (ع ح ⁄ ا ب ا)