سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی بھارتی فلمیں
کیا آپ کو معلوم ہے کہ اب تک سب سے زیادہ کمائی کس بھارتی فلم نے کی ہے؟ سٹیٹسٹا Statista کے مطابق یہ رہیں اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 10 فلمیں۔
پی کے
عامر خان کی سن دو ہزار چودہ میں ریلیز ہونے والی فلم ’پی کے‘ پہلے نمبر پر ہے، جس نے بارہ کروڑ ڈالر کمائے۔ راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں انوشوکا شرما بھی جلوہ گر ہوئی تھیں۔
بجرنگی بھائی جان
’بجرنگی بھائی جان‘ بالی ووڈ کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلموں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پے۔ اس فلم نے 93 ملین امریکی ڈالر کا بزنس کیا ۔ سن دو ہزار پندرہ میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے ہیرو سلمان خان تھے۔
دھوم 3
عامر خان کی فلم ’دھوم تھری‘ نے بھی دھوم مچائی اور مجموعی طور پر 81 ملین ڈالر کی کمائی کی۔ سن دو ہزار تیرہ میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی یہ فلم ادیتیہ چوپڑا نے پروڈیوس کی تھی۔
پریم رتن دھن پایو
سن دو ہزار پندرہ میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی یہ فلم بھی انتہائی کامیاب رہی۔ راچ شری کی پیشکش ’پریم رتن دھن پایو‘ نے 64 ملین ڈالر کمائے۔
چنئی ایکسپریس
شاہ رخ خان کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ نے 63 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔ سن دو ہزار تیرہ میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں دیپیکا پڈوکون بھی جلوہ افروز ہوئیں۔
تھری ایڈیٹس
سن دو ہزار نو میں ریلیز ہونے والی فلم ’تھری ایڈیٹیس‘ نے 59 ملین ڈالر کمائے۔ راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
دل والے
سن دو ہزار پندرہ میں نمائش کے لیے پیش کی گئی فلم ’دل والے‘ میں شاہ رخ خان اور کاجل کی جوڑی ایک مرتبہ پھر نظر آئی۔ اس فلم نے بھی 59 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔
ہیپی نیو ایئر
شاہ رخ خان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ نے 57 ملین ڈالر کمائے۔ سن دو ہزار چودہ میں منظر عام پر آنے والی اس فلم کو فرح خان نے ڈائریکٹ کیا تھا۔
کِک
سلمان خان کی فلم ’کِک‘ سن دو ہزار چودہ میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم نے 56 ملین ڈالر کمائے۔ اس ایکشن فلم میں نواز الدین صدیقی نے بھی عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا۔
کِرش
سن دو ہزار تیرہ میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم ’کِرش‘ بھارت میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی فلموں کی فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔ اس فلم نے 56 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔