سرد جنگ میں اربوں کے کرنسی نوٹوں کا محافظ جرمن تہ خانہ
وفاقی جرمن بینک نے سرد جنگ کے دور میں پندرہ ارب مارک کے متبادل کرنسی نوٹ اپنے ایک ’خفیہ‘ تہ خانے میں رکھے ہوئے تھے، جو آج کل ایک نجی میوزیم ہے۔ اٹھارہ مارچ 2016ء سے اس کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
زمین کے نیچے خفیہ دنیا
جب ساٹھ کے عشرے میں سرد جنگ اپنے نقطہٴ عروج پر پہنچی تو وفاقی جرمن بینک نے ہنگامی کرنسی محفوظ رکھنے کے لیے تہ خانوں کا ایک پورا نظام تعمیر کیا۔ اس منصوبے کو خفیہ اور دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھا جانا مقصود تھا۔ دریائے موزل کے کنارے ایک رہائشی علاقے میں نو ہزار مربع میٹر رقبے پر تین ہزار کیوبک میٹر کنکریٹ کی مدد سے تین سو میٹر لمبی راہداریاں اور پندرہ سو مربع میٹر کا تہ خانہ بنایا گیا۔
تہ خانے کا ’انتظام‘
مجوزہ رقبے پر ایک میڈیکل ڈاکٹر کی سابقہ رہائش کو بینک کے ملازمین کے تربیتی مرکز کی شکل دے دی گئی۔ اس ’تربیتی مرکز‘ کے معدودے چند ملازمین میں سے صرف سربراہ کو پتہ ہوتا تھا کہ اس تہ خانے میں رکھا کیا ہے۔ یہ کمرہ بھی اسی تہ خانے میں ہے اور قریب ہی بیوشل کے مقام پر واقع ایٹم بموں کے اڈے پر کسی جوہری حملے کی صورت میں اسے ہنگامی دفتر کا کردار ادا کرنا تھا۔
تابکاری کا خوف
کسی جوہری حملے کی صورت میں تہ خانے کے اندر موجود عملے کے لیے یہ انتظام موجود تھا کہ وہ خصوصی لباس پہن کر اور گیس ماسک لگا کر خود کو تابکاری شعاعوں کے اثرات سے بچا سکتے تھے۔ ایک کمرے میں پانی کے ذریعے آلودگی ختم کرنے کا انتظام تھا۔ اس کے علاوہ ایک آلہ تھا، جس کی مدد سے تہ خانے میں موجود عملے پر تابکاری کے اثرات کو ماپا جا سکتا تھا۔
175 افراد کے لیے رہائش
یہ تہ خانہ محض ہنگامی کرنسی اور اُس کے محافظوں کی خفیہ پناہ گاہ ہی نہیں تھا۔ کسی جوہری حملے کی صورت میں اسے 175 انسانوں کو بھی پناہ فراہم کرنا تھی۔ تہ خانے میں صحت و صفائی کی جو سہولتیں بنائی گئی تھیں، اُن سے اندازہ ہوتا ہے کہ سارا انتظام صرف مردوں کے لیے تھا، عورتوں کے لیے نہیں۔ اندر موجود اَشیائے ضرورت کے ذخائر بھی زیادہ سے زیادہ دو ہفتوں کے لیے تھے۔
باہر کی دنیا کے ساتھ رابطہ
اس جگہ سے تہ خانے کا عملہ باہر کی دنیا کے ساتھ رابطے اُستوار کر سکتا تھا۔ اس مقصد کے لیے ٹیلی فون کی چار اور ٹیلی پرنٹر کی دو لائنوں کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
اربوں مالیت کی کرنسی تک جانے کا راستہ
ٹنوں وزنی فولادی دروازوں کے پیچھے پڑے کرنسی نوٹوں تک محض بینک کے انسپکٹرز کی رسائی تھی۔ وہی ان دروازوں کو کھولنے کے کوڈ سے واقف تھے۔ جو چند ایک چابیاں تھیں، وہ بھی تہ خانے کے اندر نہیں رکھی گئی تھیں۔ اس کے باوجود ان دروازوں کو اکثر کھولا جاتا تھا، وہاں پڑی رقم گننے کے لیے۔ رُبع صدی کے دوران غالباً ایک بھی کرنسی نوٹ ادھر سے اُدھر نہیں ہوا۔
پندرہ ارب مارک کی متبادل کرنسی
کسی دشمن قوت کی جانب سے بڑے پیمانے پر ڈوئچ مارک کے جعلی نوٹ گردش میں لانے کی صورت میں ان نوٹوں کو متبادل کرنسی بننا تھا، گو اس کی کبھی نوبت نہ آئی۔ 1988ء میں یعنی سرد جنگ کے خاتمے سے بھی پہلے یہ ڈر جاتا رہا اور یہ کرنسی نوٹ تلف کر دیے گئے۔ تاریخی دستاویز کے طور پر ان میں سے محض چند ایک کرنسی نوٹ اب بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
اب ایک نجی عجائب گھر
اب اس تہ خانے کو ایک عجائب گھر کی شکل دے دی گئی ہے۔ یہ عجائب گھر ایک جرمن جوڑے نے قائم کیا ہے۔ پیٹرا اور اُن کے شوہر مانفریڈ روئٹر ویسے تو ایک قریبی قصبے میں ایک بس کمپنی چلاتے ہیں۔ 2014ء میں اُنہوں نے یہ تہ خانہ اور اس سے جڑا احاطہ خرید لیا۔ یہ جرمن جوڑا بینکاروں کے سابقہ ’خفیہ تربیتی مرکز‘ کو ایک ہوٹل کی شکل دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔
سیاحوں کے لیے باعث کشش
آج کل یہ تہ خانہ تحفظ کے دائرے میں آنے والی قومی یادگاروں میں شمار ہوتا ہے۔ سیاح دور و نزدیک سے کوخم کے مشہور نیو گوتھک قلعے اور ازمنہٴ وُسطیٰ کے قدیم کوخم جیسے دیگر قابل دید مقامات کے ساتھ ساتھ اس تہ خانے کو بھی دیکھنے کے لیے جاتے ہیں۔ گروپوں کے لیے گائیڈڈ ٹورز کا انتظام تو پہلے سے ہی موجود ہے جبکہ اس سال ایسٹر کی تعطیلات سے لوگ انفرادی طور پر بھی گائیڈ کی مدد سے اس تہ خانے کی سیر کر سکتے ہیں۔