1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہسعودی عرب

سعودی عرب نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا حاصل کرنا آسان کر دیا

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو، نئی دہلی
18 نومبر 2022

بھارتی شہریوں کو اب سعودی ویزا کی درخواست کے لیے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس ضابطے کی وجہ سے مملکت سعودیہ جانے والے افراد کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/4Jiq6
Neu-Delhi | Indische Arbeiter
تصویر: Money Sharma/AFP/Getty Images

نئی دہلی میں سعودی سفارت خانے نے اپنی ایک ٹویٹ میں، سعودی عرب  اور بھارت کے درمیان، ''مضبوط تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی شہریوں پر ویزا کے حصول کے لیے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کی جو شرط تھی، اسے ختم کیا جا رہا ہے۔

تبلیغی جماعت پر سعودی پابندی: بھارتی مسلمان کیا کہتے ہیں؟

ویزا کے لیے پولیس کلیئرنس کی شرط ختم کرنے سے ریاض کے اس اقدام کا فوری فائدہ یہ ہو گا کہ جو بھارتی سعودی ویزا حاصل کرنا چاہتے، ہیں ان کی درخواستوں پر تیزی سے عمل ہو سکے گا۔ اس سے سیاحت کی کمپنیوں کو بھی اپنے ٹور منظم کرنے میں آسانی ہو گی جبکہ زائرین بھی سفری دستاویزات جمع کرنے کی پریشانیوں سے بچ جائیں گے۔

سعودی عرب کی پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کی پیشکش

پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ ایک ایسی دستاویز ہے کہ اگر ممالک ویزے کے لیے اس کی شرط رکھ دیں تو پھر جو افراد روزگار، رہائش یا پھر طویل مدتی ویزا کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہوں، انہیں اس سرٹیفیکٹ کے بغیر ویزا نہیں دیا جاتا ہے۔

بھارتی آرمی چیف کے سعودی عرب کے پہلے دورے کے مضمرات

 یہ سفری دستاویز شہریوں کے مجرمانہ ریکارڈ کی تفصیل بتانے میں مدد کرتی ہے۔ تاہم بھارت میں پولیس حکام سے اس طرح کا سرٹیفیکٹ حاصل کرنا جوئے شیر لانے کے برابر ہے اور رشوت کے بغیر اس کا حصول تقریباً نا ممکن ہے۔

سعودی عرب کا اعلان

جمعرات کے روز بھارت میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے اس شرط کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی ایک ٹویٹ میں بھارت اور سعودی عرب کے درمیان اچھے تعلقات کا بھی حوالہ دیا۔

اس کا کہنا تھا: ''سعودی عرب اور جمہوریہ بھارت کے درمیان مضبوط تعلقات اور اسٹریٹیجک شراکت داری کے پیش نظر، مملکت نے بھارتی شہریوں کو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (پی سی سی) جمع کرانے سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔''

Indien Narendra Modi empfängt Mohammed bin Salman in Neu-Delhi
سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان رواں ماہ اپنے ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کے لیے بھارت کا دورہ کرنے والے تھے، تاہم شیڈول کے مسائل کی وجہ سے دورہ منسوخ کرنا پڑاتصویر: Reuters/A. Abidi

سفارت خانے نے اپنے بیان میں مزید کہا: ''اب بھارتی شہریوں کو سعودی عرب کے سفر کے لیے ویزا حاصل کرنے کی پی سی سی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا ہے۔ سفارت خانہ مملکت سعودی عرب میں پرامن طریقے سے رہنے والے 20 لاکھ سے زیادہ بھارتی شہریوں کے تعاون کو بھی سراہتا ہے۔''

بھارت کا رد عمل

بھارتی حکام نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ریاض میں بھارتی سفارت خانے اپنے رد عمل میں کہا کہ بھارت، ''سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہے کہ اس نے اپنی مملکت میں آنے والے بھارتی شہریوں کو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (پی سی سی) مستثنیٰ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے سعودی عرب میں تقریباً 20 لاکھ افرادپر مشتمل بھارتی کمیونٹی کے لیے کافی آسانیا پیدا ہوں گی۔'' 

بھارت اور سعودی عرب کے تعلقات پچھلے کچھ سالوں میں کافی مضبوط ہوئے ہیں اور سیاسی، سیکورٹی، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، خوراک کے تحفظ، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون میں کافی اضافہ ہوا ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان رواں ماہ اپنے ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کے لیے بھارت کا دورہ کرنے والے تھے۔ تاہم شیڈول کے مسائل کی وجہ سے دورہ منسوخ کر دیا گیا۔ وہ انڈونیشیا کے بالی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے لیے جا رہے تھے۔