سعودی ڈاکار ریلی میں دس اسرائیلی شہریوں کی شرکت
23 جنوری 2021ڈاکار ریلی میں اسرائیلیوں کی شرکت ایک ایسے وقت میں ممکن ہوئی ہے جب بعض عرب ریاستوں اور اسرائیل کے مابین سفارتی تعلقات استوار ہوچکے ہیں۔ ریاض حکومت کی خاموش رضامندی نے ان تعلقات کی بحالی کے لیے راہ ہموار کی تھی۔
جنوری کے آغاز میں شروع ہونے والی ڈاکار ریلی 2021ء میں شرکت کے لیے کُل دس افراد اسرائیلی پاسپورٹ کے ساتھ سعودی عرب میں داخل ہوئے تھے۔ ایک ٹیم ممبر عمر پرل کے مطابق ان افراد میں اسرائیلی ڈرائیور، نیوی گیٹر اور سَپورٹ عملہ شامل تھا۔
تاہم ریلی کی ویب سائٹ نے ان ٹیموں کو بیلجیئم اور امریکا کی فہرست میں شامل کیا تھا، جو اسرائیلی شہریوں کی موجودگی کو عام نہ کرنے کی سرکاری حکمت عملی کا ایک ممکنہ اشارہ ہے۔
ایک غیر معمولی احساس
اس ریلی میں شرکت کے بارے میں ایک اسرائیلی ڈرائیور ڈینی پرل کہتے ہیں، ''یہ غیر معمولی احساس تھا - سینکڑوں کلومیٹر تک صرف ریت کے ٹیلے موجود تھے۔‘‘
یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب کے صحرا میں انسانی قدموں کے ایک لاکھ بیس ہزار سال پرانے نشانات کی دریافت
اسرائیلی ڈرائیور ڈینی پرل مزید کہتے ہیں کہ ان ٹریکس پر وہ کب سے نگاہیں جمائے ہوئے تھے۔ پَرل کے بقول، ''میں اکثر سوچتا تھا کہ یہ ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور میں ایک دن یہاں سیر کے لیے جا سکوں گا۔‘‘
خاموش رضامندی
فلسطین کے حامی سعودی عرب نے کئی عشروں سے اسرائیل کے ساتھ نہ صرف سرکاری تعلقات ترک کر رکھے ہیں بلکہ بعض سعودی علما کی جانب سے خصوصی طور پر یہودیوں کے خلاف بیان بازی کا سلسلہ بھی معمول کی بات ہے۔
تاہم ریاض حکومت کی جانب سے گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں اسرائیل کے متعدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ تعلقات کی باضابطہ بحالی کی مخالفت نہیں کی گئی۔ اس کے بعد اسرائیلی طیاروں کو سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔
ڈاکار ریلی، سینیگال سے سعودی عرب منتقلی
اس سالانہ ریلی کا آغاز سن 1978 میں پیرس سے سینیگالی دارالحکومت ڈاکار تک ریس کے طور پر ہوا تھا لیکن سکیورٹی خدشات کی وجوہات کی بناء پر سن 2009 میں یہ ریلی افریقہ سے منتقل کردی گئی۔ یہ ریس اب پوری طرح سے سعودی عرب میں منعقد کی جاتی ہے۔
مزید پڑھیے: ڈاکار ریلی: اب تک چھتیس مقابلوں میں تیئس ڈرائیور ہلاک
ڈاکار ریلی 2021ء کا آغاز تین جنوری کو سعودی شہر جدہ سے ہوا اور جدہ میں رواں ہفتے پندرہ جنوری کے روز ریلی کا اختتام ہوا تھا۔ اسرائیلی لائٹ ویٹ گاڑی کی ٹیم 40 ویں پوزیشن جبکہ اسرائیلی ٹرک ٹیم 18ویں پوزیشن حاصل کرسکی۔ اس ریلی کا روٹ ریاض، حائل اور نئے میگا بزنس زون نیوم سے گزرتا ہے جو کہ فی الوقت بحر احمر کے شمالی حصے میں زیر تعمر ہے۔
ع آ / ع ب (روئٹرز)