سمجھوتہ ایکسپریس کی بحالی کشیدگی میں کمی کا اشارہ
5 مارچ 2019اکستان ریلوے کے ترجمان اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ تازہ کشیدگی کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس گزشتہ روز 180 مسافروں کو لے کر لاہور سے اٹاری کے لیے روانہ ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے یہ ٹرین رابطہ گزشتہ ہفتے اس وقت منقطع کر دیا گیا تھا، جب گزشتہ ہفتے کے فضائی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین تناؤ عروج پر پہنچ گیا تھا۔ پاکستان اور بھارت کے مابین یہ ٹرین سروس 1976ء میں شروع کی گئی تھی۔
تاہم رواں ہفتے کے آغاز پر ہی اس کشیدگی میں کمی واقع ہونا شروع ہو گئی تھی، جس کی ایک مثال پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں تعلیمی اداروں کی سرگرمیوں کا بحال ہونا بھی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دونوں حصوں کے درمیان لائن آف کنٹرول کے قریب چکوٹھی نامی علاقے کے ایک استاد راجہ جلیل نے بتایا کہ اسکول تو پیر سے کھل گئے، لیکن حاضری کم ہی رہی۔
راجہ جلیل کے بقول، ’’ہم نے اپنے دن کا آغاز امن کے لیے دعاؤں سے کیا۔ اس موقع پر بچوں نے فوج کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔‘‘
گزشتہ ہفتے پاکستان اور بھارتی دستوں کے مابین کنٹرول لائن کے آر پار شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران آٹھ پاکستانی شہری اور دو فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھی مکمل طور پر بند کر دی تھییں تاہم پیر سے پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں نے دوبارہ مکمل طور پر اپنا کام شروع کر دیا۔