سوائن فلو یورپ پہنچ گیا
27 اپریل 2009سوائن وائرس ایک ایسی بیماری ہے جو سوروں سے انسانوں میں منتقل ہوجاتی ہے۔ حکام کے مطابق میکسیکو میں اس بیماری سے اب تک 100سے زائد افراد موت کا شکار ہوگئے ہیں۔ واشنگٹن میں طبّی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک وہاں ریکارڈ کئے گئے سوائن وائرس کیسز کی تعداد بیس ہے۔
ہنگامی حالات کو دیکھتے ہوئے یورپی کمیشن کے وزراء صحت نے ایک ایمرجنسی میٹنگ بھی طلب کی ہے جبکہ مسافروں کو میکسیکو کا سفر کرنے کے حوالے سے احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔ دریں اثناء سوائن وائرس کے خوف سے عالمی منڈیاں بھی مندی کا شکار ہوگئی ہیں۔
جرمنی کے مشہور سیاحتی گروپ TUI نے سوائن فلو کے باعث پانچ مئی تک میکسیکو سٹی کے دوروں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب جرمن فضائی کمپنیوں Lufthansa اور Air Berlin نے کہا ہے کہ ابھی تک مسافروں کی طرف سے میکسیکو کے لئے ریزرویشنز میں کوئی واضح کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔
لفتھانزا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوائن فلو اس کمپنی کے لئے اتنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے تاہم اتوار سے ہی تمام پروازوں میں مسافروں کو اس بیماری کے بارے میں ’’لیف لیٹز‘‘ کے ذریعے آگاہ کیا جارہا ہے۔