سہواگ چل گیا تو انگلینڈ کی خیر نہیں: دھونی کی 'دھمکی'
27 فروری 2011کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے گروپ بی کی ٹیموں بھارت اور انگلیڈ کے درمیان یہ اہم میچ آج بھارتی شہر بنگلور میں کھیلا جارہا ہے۔ اس میچ سے دونوں ٹیموں کے علاوہ ان کے شائقین بھی بہت زیادہ توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ بھارت کے اوپننگ بیٹسمین وریندر سہواگ کے زخمی ہونے کے بعد خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ وہ آج کے میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
مہیندرا سنگھ دھونی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اوپنر سہواگ پوری اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوگئے تو انگلینڈ کے لیے مشکل کھڑی ہوجائے گی۔ سہواگ ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل کہہ چکے ہیں کہ وہ کوشش کریں گے کہ اس ٹورنامنٹ کے دوران وہ مکمل 50 اوورز کھیلیں۔
سہواگ بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں اپنے اس ہدف کے حصول سے بہت کم فرق سے چُوکے تھے، جب وہ 48ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ تاہم 140 گیندوں پر 175 رنز اسکور کرکے وہ اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ضرور ثبت کرگئے۔ اس میچ میں بھارتی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔
سہواگ کی 50 اوورز کھیلنے کی خواہش کے حوالے سے بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی کا کہنا تھا،" اگر وہ (سہواگ) 50 اوورز کھیلتا ہے تو مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہاں البتہ مخالف ٹیم مسائل میں ضرور گِھر جائے گی۔" دھونی کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا، " تاہم سہواگ کا سب سے اہم کردار یہ ہے کہ وہ دھواں دھار طریقے سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک ایسی جانداربنیاد فراہم کرے، جس پرمڈل آرڈر بیٹسمین ایک بڑی اننگز کھڑی کرسکیں۔"
انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے کیا بھارتی ٹیم کسی دباؤ کا شکار ہے؟ اس سوال کے جواب میں دھونی کا کہنا تھا کہ 2004 میں ان کے پہلے میچ سے لے کر اب تک کوئی ایسا میچ نہیں گزرا، جس میں بھارتی ٹیم دباؤ کا شکار نہ رہی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی یہ دباؤ جیت کے لیے ہوتا ہے تو کبھی مضبوط مخالف ٹیم کے حوالے سے۔ تاہم دھونی کے بقول ان کی ٹیم کے کھلاڑی اس دباؤ کے عادی ہیں اور یہ ان کے لیے کوئی نئی چیز نہیں ہے۔
دوسری طرف انگلینڈ ٹیم کے کپتان اینڈریو اسٹراؤس نے اس میچ کے حوالے سے اپنے ارادوں کا اظہار ان الفاظ میں کیا ہے، " ہم یہاں بنگلور میں بھارتی پارٹی خراب کرکے بہت خوش ہوں گے۔" اسٹراؤس نے توقع ظاہرکی کہ آج کا میچ بہت زبردست ہوگا۔ اسٹراؤس کے بقول، " بھارت کے خلاف اس کے ہوم گراؤنڈ پر یہ ایک ایسا میچ ہے، جسے کھیلنے کا خواب ہرکھلاڑی دیکھتا ہے۔ ہم اس میچ کے بارے میں بہت پرجوش ہیں۔ اگر ہم یہ میچ جیت جاتے ہیں تو یہ ہماری کارکردگی کے لیے بہت زبردست ہوگا۔"
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: عاطف بلوچ